Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مستقبل میں بھی کامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھنے کی کوشش کروں گا: ارشد ندیم

اولمپکس گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے کہا ہے کہ وہ مستقبل میں بھی اپنی کامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔
منگل کو ارشد ندیم کے اعزاز میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2019 میں ٹوکیو اولمپکس میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’میری کارکردگی اور کامیابی میں میرے کوچ، والدین اور پوری پاکستانی قوم کی دعائوں کا بڑا ہاتھ ہے۔ پنجاب سپورٹس بورڈ اور ایتھلیٹکس بورڈ سمیت دیگر اداروں کا بھی مشکور ہوں۔‘
صدر آئی سی سی آئی احسن بختاوری نے ارشد ندیم کو اپنی جیب سے ایک ملین روپے کا چیک پیش کیا، جبکہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے عہدیداران  کی طرف سے ارشد ندیم کیلئے مجموعی طور پر 50 لاکھ روپے کا اعلان کیا گیا۔
اس موقع پر احسن بختاوری نے کہا کہ ارشد ندیم نے اولمپکس میں گولڈ میڈل جیت کر ملک کا نام روشن کیا ہے، قومی ہیرو ارشد ندیم کی تاریخی کامیابی سے نوجوانوں کو ترغیب ملی ہے۔
صدر آئی سی سی آئی  نے کہا کہ ارشد ندیم اکیڈمی بنا کر نوجوانوں کو کھیلوں کے حوالے سے تربیت دیں تو نوجوان بہت آگے جائیں گے۔ قومی ہیرو کی جیت سے ملک اور نوجوانوں میں مایوسی کا خاتمہ ہوا۔

شیئر: