Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خیبر پختونخوا میں ایم پاکس کے دوسرے کیس کی تصدیق، مریض آئیسولیشن وارڈ منتقل

ڈاکٹر ارشاد روغانی نے بتایا کہ مریض بیرون ملک سے پشاور ایئرپورٹ پہنچا تھا۔ فائل فوٹو: اے پی پی
خیبر پختونخوا میں ایم پاکس کے دوسرے کیس کی تصدیق کی گئی ہے۔
جمعے کو پشاور سے جاری کیے گئے ایک ویڈیو بیان میں ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ ڈاکٹر ارشاد روغانی نے صوبے میں ایم پاکس کے دوسرے مریض کی تصدیق کی۔
اس طرح رواں سال خیبر پختونخوا میں منکی پاکس کے مریضوں کی تعداد دو ہو گئی ہے۔
پبلک ہیلتھ کے صوبائی ڈائریکٹر کے مطابق ’نوشہرہ سے تعلق رکھنے والے 47 سالہ شہری میں ایم پاکس کی تصدیق ہوئی۔‘
ڈاکٹر ارشاد روغانی نے بتایا کہ مریض بیرون ملک سے پشاور ایئرپورٹ پہنچا جہاں پر تعینات ٹیم نے اُس کی سکریننگ کی۔
ان کا کہنا تھا کہ ’آئسولیشن کے لیے مریض کو بروقت پولیس سروسز ہسپتال منتقل کیا گیا۔‘
ڈاکٹر ارشاد روغانی نے کہا کہ ’پولیس ہسپتال میں تفصیلی ہسٹری لی گئی اور نمونہ پبلک ہیلتھ ریفرنس لیب بھیجا گیا۔‘
پبلک ہیلتھ کے صوبائی ڈائریکٹر نے بتایا کہ خیبر میڈیکل یونیورسٹی ریفرنس لیب نے پی سی آر کے ذریعے مریض میں ایم پاکس کی تصدیق کی۔‘
ڈاکٹر ارشاد روغانی کے مطابق مزید تجزیے کے لیے نمونے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ اسلام آباد بھجوائے گئے ہیں۔ ’تین چار دن میں رپورٹ آنے کے بعد میڈیا کے ساتھ تفصیلات شیئر کی جائیں گی۔‘

شیئر: