لاہور: بالاج ٹیپو قتل کیس کا مرکزی ملزم ’ساتھیوں کی فائرنگ سے‘ ہلاک
بالاج ٹیپو لاہور کے انڈر ورلڈ کے سابق ڈان ٹیپو ٹرکوں والے کے بیٹے تھے (فائل فوٹو: ویڈیو گریب)
رواں برس 18 فروری کو لاہور میں فائرنگ سے ہلاک ہونے والے میر بالاج ٹیپو کے مقدمے میں مطلوب مرکزی ملزم احسن شاہ ہلاک ہو گئے ہیں۔
لاہور پولیس کے آرگنائزڈ کرائم یونٹ کے بیان کے مطابق احسن شاہ اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کے نتیجے میں ہلاک ہوئے۔
پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ’پولیس ملزم کو نشان دہی اور ساتھی ملزمان کی گرفتاری کے لیے تھانہ شاد باغ لے جا رہی تھی کہ احسن شاہ کے بھائی علی رضا اور اس کے نامعلوم ساتھیوں نے اسے چھڑانے کے لیے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔‘
’ملزم کے ساتھیوں کی فائرنگ سے ملزم احسن شاہ شدید زخمی ہو گیا جس کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا لیکن وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔‘
پولیس کے مطابق ’ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار معجزانہ طور پر محفوظ رہے جبکہ ہلاک ہونے والے ملزم کے دیگر ساتھی اندھیرے کا فائده اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔‘
بالاج ٹیپو کو 18 فروری کو اس وقت فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا جب وہ لاہور میں چوہنگ کے علاقے میں شادی کی ایک تقریب میں شریک تھے۔
بالاج ٹیپو لاہور کے انڈر ورلڈ کے سابق ڈان ٹیپو ٹرکوں والے کے بیٹے تھے۔ ان کے والد کو بھی سنہ 2010 میں لاہور ایئرپورٹ کی پارکنگ میں فائرنگ کر کے قتل کیا گیا تھا۔
بالاج شادی کی ایک تقریب میں اپنے گن مینوں کے ہمراہ موجود تھے کہ اس دوران ایک حملہ آور نے ان پر فائرنگ کر دی۔
فائرنگ سے دو افراد زخمی بھی ہوئے تھے جبکہ بالاج ٹیپو کے گن مین کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور بھی مارا گیا تھا۔