سوڈان میں حصول امن کے لیے خواتین کی شمولیت ناگزیر: مشترکہ بیان
بیان میں سوڈانی خواتین کے ساتھ گزشتہ کامیاب اقدامات کو سراہا گیا۔( فوٹو: وام)
متحدہ عرب امارات، امریکہ، سوئٹزرلینڈ، سعودی عرب، مصر، افریقی یونین اور اقوام متحدہ نے سوڈان میں پائیدار امن کے حوالے سے مشترکہ بیان جاری کیا ہے۔
امارات کے خبر رساں ادارے وام کے مطابق بیان میں کہا گیا کہ’ ہم سوڈان میں امن کے نمائندے، انسان دوست، ایکسپرٹ اور اپنے معاشروں کے ستون کے طور پر خواتین کے اہم کردار کو تسلیم کرتے ہیں۔ سوڈان میں امن کے حصول اور اسے برقرار رکھنے کے لیے ان کی شمولیت ناگزیر ہے‘۔
’اگر ہم بامعنی نتائج حاصل کرنا چاہتے ہیں تو ہمیں سوڈانی خواتین کے نقطہ نظر اور سفارشات کو سننا اور ان پر عمل کرنا ہوگا‘۔
بیان میں افریقی یونین کی سرپرستی میں سوڈانی خواتین کے ساتھ گزشتہ کامیاب اقدامات کو سراہا گیا۔
بیان کے مطابق’ ہم تمام شہریوں بالخصوص پر خواتین اور بچوں کو تنازعات میں ہر قسم کے تشدد سے بچانے کے لیے اپنے سفارتی کوششوں کو تیز کرنے کا بھی عہد کرتے ہیں‘۔
اس حوالے سے ایک تکنیکی گروپ تشکیل دیا گیا ہے جو سوڈان میں خواتین کے خیالات اور سفارشات یکجا کرنے کو ترجیح دے گا۔
مشترکہ بیان میں کہا گیا ’ہم سوڈان میں امن اور خوشحالی کے مستقبل کے لیے کام کرتے ہوئے ان کی آواز کو بڑھانے کے لیے الائیڈ فار ایڈوانسنگ لائف سیونگ اینڈ پیس ان سوڈان ( اے ایل پی ایس) پلیٹ فارم کے ایک حصے کے طور پر سوڈانی خواتین سے مشاورت جاری رکھیں گے‘۔