ملکی سلامتی ریڈلائن، ناراضی کے نام پر دہشت گردی کی اجازت نہیں دے سکتے: اسحاق ڈار
اسحاق ڈار نے کہا کہ ’معیشت بجلی کے سوئچ آن سوئچ آف بٹن والا معاملہ نہیں ہوتا۔‘ (فائل فوٹو: ویڈیو گریب)
پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت اور نواز شریف کی رہنمائی میں کوشش ہو رہی ہے کہ معیشت کو بہتر بنایا جائے۔
سنیچر کو لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ ’ہم نے میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں اس ملک کو ایٹمی قوت بنایا اور اب اسے معاشی قوت بنانا ہے۔‘
انہوں نے پیپلز پارٹی کے بعض رہنماؤں کی جانب سے تنقید سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ ’سیاست میں ایسا ہوتا رہتا ہے۔ ابھی پرسوں وزیراعظم سے بلاول بھٹو صاحب کی قیادت میں ایک وفد ملا۔ یہ تمام صوبوں کا اپنا اختیار ہے کہ وہ عوام کو ریلیف دیں لیکن ہم اس پر اپنا فیصلہ کسی صوبے پر تھوپ نہیں سکتے۔ ہم دیگر صوبوں سے عوام کو ریلیف دینے کی صرف اپیل ہی کر سکتے ہیں۔‘
وزیر خارجہ نے کہا کہ ’پاکستان کی سلامتی ریڈلائن ہے۔ ریڈلائن کراس کی گئی تو گنجائش نہیں رہے گی۔ ملک میں انتشار پھیلانے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ناراضی کے نام پر دہشت گردی کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔‘
نائب وزیرخارجہ نے تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اسلام آباد جلسے سے متعلق سوال پر کہا کہ ’اس جلسے سے متعلق فیصلہ کرنا کمشنر اسلام آباد کا اختیار تھا کیونکہ اس دن اسلام آباد میں کچھ اور احتجاجی مظاہرے بھی تھے۔ سپریم کورٹ کا ایک فیصلہ بھی آنا تھا۔ پی ٹی آئی نے دن ایسا چنا جس میں مسائل ہو سکتے تھے۔ اب ایسا نہیں ہو سکتا جو 2014 میں کیا گیا تھا۔‘
بگڑتے ہوئے معاشی حالات اور مہنگائی کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ’معیشت بجلی کے سوئچ آن سوئچ آف بٹن والا معاملہ نہیں ہوتا۔‘