Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسرائیل اور حزب اللہ کے ایک دوسرے پر بڑے پیمانے پر حملے

23 اگست کو جنوبی لبنان میں اسرائیل کے فضائی حملے میں ایک بچے سمیت 10 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
اسرائیل کی فوج نے اتوار کو علی الصبح لبنان کے اندر فضائی حملے کیے ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق ان حملوں سے خطے میں وسیع جنگ شروع ہونے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے جس سے غزہ میں جنگ بندی کی کوششیں متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
اسرائیل کی فوج نے کہا ہے کہ اس نے لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔ ایک بیان میں اسرائیلی فوج نے حزب اللہ پر ’اسرائیلی سرزمین کی جانب میزائل اور راکٹ داغنے کی تیاری‘ کا الزام عائد کیا ہے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان ریئر ایڈمرل ڈینیل ہیگری نے کہا ہے کہ ’ان خطرات کو ختم کرنے کے لیے اپنے دفاع میں (اسرائیلی فوج) لبنان میں دہشت گردی کے اہداف پر حملہ کر رہی ہے جہاں سے حزب اللہ اسرائیلی شہریوں پر حملوں کا منصوبہ بنا رہی تھی۔‘
اسرائیل کے خدشات کی تصدیق کرتے ہوئے حزب اللہ نے کہا ہے کہ اس نے گزشتہ ماہ بیروت کے نواحی علاقے میں اس کے سینیئر کمانڈر کی ہلاکت کے جواب میں بڑی تعداد میں ڈرونز اور راکٹوں سے اسرائیل پر حملے کا آغاز کیا۔
لبنان میں موجود تنظیم نے کہا ہے کہ اس نے اسرائیل کے خصوصی عسکری اہداف، اسرائیل کے آئرن ڈام اور دیگر مقامات کو نشانہ بنایا ہے تاہم مکمل جوابی کارروائی میں ’کچھ وقت‘ لگے گا۔
لبنانی میڈیا نے فوری طور پر مزید تفصیلات فراہم کیے بغیر ملک کے جنوب میں حملوں کو رپورٹ کیا ہے۔ سوشل میڈیا فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ جنوبی لبنان میں حملے ہوئے ہیں۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے اپنے بیان میں نے مزید کہا ہے کہ ’ہم دیکھ سکتے ہیں کہ حزب اللہ لبنانی شہریوں کو خطرے میں ڈالتے ہوئے اسرائیل پر بڑے حملے کی تیاری کر رہی ہے۔‘
اسرائیل کی فوج نے لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں کے قریب رہائش پذیر افراد سے ’فوری طور پر نکل جانے‘ کا کہا ہے۔
گزشتہ ماہ اسرائیلی حملے میں حزب اللہ کے ایک سینیئر کمانڈر کی ہلاکت اور ایران میں ایک مشتبہ اسرائیلی قاتلانہ کارروائی میں حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کی ہلاکت کے بعد حالیہ ہفتوں میں یہ خدشات بہت زیادہ بڑھ گئے تھے کہ غزہ کی پٹی میں اسرائیل اور حماس کی جنگ ایک علاقائی تنازع کی شکل اختیار کر سکتی ہے۔
یہ حملے ایسے وقت میں ہوئے جب مصر، اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ ختم کرنے کے لیے مذاکرات کے ایک نئے دور کی میزبانی کر رہا ہے۔ حزب اللہ نے کہا ہے کہ اگر غزہ میں جنگ بندی ہوتی ہے تو وہ لڑائی روک دے گی۔
ایران دونوں تنظیموں کے ساتھ ساتھ شام، عراق اور یمن میں عسکریت پسندوں کی حمایت کرتا ہے جو کسی بھی بڑے تنازع میں شامل ہو سکتے ہیں۔

لبنان کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ اسرائیلی حملوں میں تین افراد مارے گئے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے کابینہ کے اجلاس کے آغاز پر بات کرتے ہوئے کہا کہ فوج نے ہزاروں راکٹوں کو تباہ کر دیا ہے جن کا ہدف شمالی اسرائیل تھا۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ ہوم فرنٹ کمانڈ کی ہدایات پر عمل کریں۔
لبنان کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ اتوار کو ملک کے جنوب میں اسرائیلی حملوں میں تین افراد مارے گئے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’خیام گاؤں میں ایک گاڑی پر اسرائیلی ڈرون حملے‘ میں ایک شخص ہلاک ہوا۔ حزب اللہ کی اتحادی حرکت الامل نے بعد میں اعلان کیا کہ خیام میں ایک جنگجو مارا گیا ہے۔
حزب اللہ نے کہا ہے کہ اس نے اسرائیل کے مختلف مقامات پر حملوں میں 320 سے زیادہ راکٹ داغے اور بڑی تعداد میں ڈرونز بھی بھیجے۔
امریکہ میں قومی سلامتی کونسل کے ترجمان سئین سیویٹ نے کہا ہے کہ صدر جو بائیڈن ’اسرائیل اور لبنان میں ہونے والے واقعات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔

شیئر: