Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسرائیل سے اپنے اعلٰی کمانڈر کی ہلاکت کا بدلہ لیں گے: حزب اللہ کا اعلان

حسن نصراللہ نے ٹیلی ویژن پر خطاب میں کہا کہ ’دہائیوں پُرانے دشمن نے ’تمام حدیں‘ عبور کر لی ہیں‘ (فوٹو: روئٹرز)
لبنان کی عسکریت پسند تنظیم حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ نے اسرائیل کی جانب سے گروپ کے اعلٰی فوجی کمانڈر کی ہلاکت کا بدلہ لینے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق حسن نصراللہ نے جمعرات کو ٹیلی ویژن پر اپنے خطاب میں کہا کہ ’حزب اللہ کے دہائیوں پُرانے دشمن نے ’تمام حدیں‘ عبور کر لی ہیں۔‘
یاد رہے کہ منگل کو بیروت کے جنوبی علاقے میں حزب اللہ کے مضبوط گڑھ پر اسرائیل کے فضائی حملے میں اعلٰی کمانڈر فواد شکر، ایک ایرانی فوجی مشیر اور پانچ عام شہری ہلاک ہوگئے تھے۔
فواد شکر کی ہلاکت تقریباً دو دہائیوں میں ایران کے حمایت یافتہ گروپ کے لیے سب سے بڑا دھچکہ ہے اور اس نے جنوبی سرحد کے پار حملے کا جواب دینے کی دھمکی دی ہے۔
حزب اللہ کے مارے گئے کمانڈر کی نمازِ جنازہ کے موقع پر حسن نصراللہ نے مزید کہا کہ اب تنازع ’ماضی کے برعکس ایک نئے مرحلے میں داخل ہو گیا ہے‘ اور اسرائیل نے گروپ کے گڑھ پر حملے کے ساتھ ریڈلائن عبور کر لی ہے۔
حسن نصراللہ نے نام لیے بغیر کہا کہ بعض ممالک نے اُن کے گروپ کو ’قابل قبول‘ طریقے سے جوابی کارروائی کرنے کو کہا ہے یا پھر نہ کرنے کو کہا ہے، تاہم ان کا کہنا تھا کہ حزب اللہ کے لیے اسرائیل کو جواب نہ دینا ’ناممکن‘ ہوگا۔
نصراللہ نے کہا کہ ’جو بھی اس خطے کو بدامنی سے روکنا چاہتا ہے اسے غزہ میں جنگ بندی پر کام کرنا چاہیے۔‘
حزب اللہ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ’غزہ پر اسرائیلی جارحیت کو روکنے کے علاوہ یہاں کوئی دوسرا حل کارآمد نہیں ہو گا۔‘

شیئر: