’سعودی عرب نے خواتین کے حقوق اور وقار کا تحفظ کیا‘
خواتین نے تعلیم، صحت، اقتصادیات اور لیڈر شپ میں نمایاں مواقع حاصل کیے(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر اسلامی امور شیخ عبداللطیف نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی قیادت میں اور ولی عہد کی سپورٹ سے خواتین کے حقوق اور وقار کا تحفظ کیا ہے۔
انہوں نے کہا’ خواتین نے تعلیم، صحت، اقتصادیات اور لیڈر شپ میں نمایاں مواقع حاصل کیے ہیں اور اب وہ ملکی اور بین الاقوامی سطح پر مختلف شعبوں میں مقابلہ کررہی ہیں‘۔
عرب نیوز کے مطابق اتوار کو قاہرہ میں اسلامی امور کی سپریم کونسل کی 35 ویں بین الاقوامی کانفرنس جس کا عنوان’ آگاہی میں خواتین کا کردار‘ تھا سے خطاب میں کہا’ سعودی خواتین وزارتی اور سفارتی کردار سمیت اعلی عہدوں تک پہنچ کر مملکت کی نمائندگی کررہی ہیں‘۔
ان کا کہنا تھا شوری کونسل میں خواتین ارکان کی تعداد بڑھ کر30 کے قریب ہوگئی ہے جن میں سے ایک معاون سپیکر کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں جو خواتین کے حقوق میں پیش رفت کو ظاہر کرتی ہے۔
’ سعودی خواتین نے کیلیفورنیا یونیورسٹی کے سینٹ آف ایکسی لینس فار نینو میڈیسن ینڈ انجیئرنگ کے ڈائریکٹر جنرل جیسے عہدے اور معاشیات، صحت، تعلیم، ٹیکنالوجی اور خلائی تحقیق سمیت مختلف شعبوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بین الاقوامی شہرت حاصل کی ہے‘۔
انہوں نے مزید کہا’ وزارت اسلامی امور نے سعودی وژن 2030 کے مطابق چھ ہزار سے زیادہ خواتین کو قیادت اور انتظامی عہدوں پر با اختیار بنایا ہے‘۔
سعودی وزیر نے انصاف، رحم اور رواداری پر مبنی اسلامی معاشرے کی تعمیر میں مسلم خواتین کے کردار کی اہمیت پر بھی زور دیا اور امید ظاہر کی کہ یہ کانفرنس اسلامی اقدار کے دائرے میں خواتین کو مزید بااختیار بنانے کے لیے قابل عمل سفارشات کا باعث بنےگی۔