’اتنی عمر میں پیٹ نکل آیا‘ نسیم شاہ کی فٹنس پر بھی سوال اٹھنے لگے؟
منگل 27 اگست 2024 14:02
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
پاکستان کو بنگلہ دیش نے پہلی مرتبہ کسی ٹیسٹ میچ میں شکست دی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
راولپنڈی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیش سے شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم سخت تنقید کی زد میں ہے۔
بنگلہ دیشی بولرز کے سامنے پاکستانی بیٹنگ لائن اپ ریت کی دیوار ثابت ہوا جس کے باعث بنگلہ دیش نے پاکستان کو بآسانی 10 وکٹوں سے ہرا دیا تھا۔
نا صرف بنگلہ دیش 10 وکٹوں سے میچ جیتا بلکہ یہ پاکستان کے خلاف ان کی پہلی ٹیسٹ میچ جیت تھی۔
اس شکست کے بعد جہاں کرکٹ مبصرین اور شائقین پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں پر سیخ پا ہوئے وہیں حال ہی میں نسیم شاہ کو بھی شائقین کرکٹ کی تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر پاکستان کے فاسٹ بولر نسیم کی تصاویر شیئر کی جا رہی ہیں جن میں ان کا پیٹ باہر نکلا ہوا دیکھا جا سکتا ہے، تاہم شائقین کرکٹ ان کی فٹنس پر سوال اٹھا رہے ہیں۔
طاہر فرید نامی صارف نے لکھا ’نسیم شاہ کی فٹنس کا حال دیکھیں۔ 21 سالہ نوجوان کے لیے ناممکن بات ہے کہ اس کا پیٹ ایسے باہر آئے۔ اس عمر کے نوجوان جو ہر وقت گھر پر بیٹھے رہتے ہیں ان کا پیٹ بھی ایسے باہر نہیں آتا اور نسیم تو پھر بھی ایتھلیٹ ہیں۔‘
فیضان نے اپنی پوسٹ میں لکھا ’نسیم شاہ کی فٹنس پر بھی سوال اٹھتا ہے۔‘
ایک اور صارف نے لکھا ’نسیم شاہ کی 20 سال کا ہوتے ہوئے فٹنس دیکھیں، ایسی فٹنس سے خاک میچ جیت سکتے ہیں ہم۔‘
اس سے قبل پاکستانی ٹیم کو سابق کرکٹرز نے بھی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ رمیز راجہ نے پاکستانی ٹیم کی ہار کی وجہ گزشتہ برس کھیلے گئے ایشیا کپ میں انڈیا کے ہاتھوں پاکستانی ٹیم کی ہار کو قرار دیا۔
رمیز راجہ نے اپنے یوٹیوب ولاگ میں کہا ’پہلی بات تو یہ کہ ٹیم سلیکشن میں غلطی تھی، آپ ایک سپنر کے بغیر کھیلے۔ دوسری بات یہ ہے کہ ہم جس چیز پر فخر کرتے تھے کہ ہم فاسٹ بولرز پر انحصار کرتے ہیں، وہ بات بھی ختم ہوگئی۔‘
سابق کپتان کا مزید کہنا ہے کہ ’بولروں کی رفتار کم ہوگئی ہے اور اُن کی قابلیت بھی کم ہوگئی ہے۔‘
دوسری جانب پاکستان کے سابق وکٹ کیپر بیٹر کامران اکمل نے ٹیم کی کارکردگی پر کہا کہ ’یہ رضوان نے 50 کیا اور سکور بورڈ چلایا ورنہ اننگز سے ہارتے۔ یہ اتنی بری ہار ہے کہ بھولی نہیں جائے گی۔ آپ کسی کا برا سوچو گے تو آپ کے ساتھ بھی برا ہوگا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’آپ نے پچھلے پانچ سالوں میں کچھ نہیں سیکھا۔ آپ زمبابوے سے ہار گئے۔ پچھلے سال ایشیا کپ سے باہر ہوگئے۔ آپ ابھی اتنا ذلیل ہوئے ہیں ورلڈ کپ میں، عالمی سطح پر پاکستان کرکٹ کا مذاق بن چکا ہے۔‘
واضح رہے پاکستان ٹیم کی بنگلہ دیش سے پہلی بار ٹیسٹ میں شکست کے بعد کپتان شان مسعود نے قوم سے معافی بھی مانگی تھی۔
راولپنڈی میں پہلے ٹیسٹ میچ کے اختتام کے بعد پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے شان مسعود کا کہنا تھا کہ ’مایوسی ہم سب کو ہے، پوری قوم کو ہے، ٹیم کا کپتان ہونے کے ناطے پوری قوم سے، فینز سے معذرت کرتا ہوں وہ نتیجہ نہیں دے سکے جو پاکستان حق رکھتا تھا۔‘