Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کپتان شان مسعود کی بنگلہ دیش سے ہار پر قوم سے معافی

بنگلہ دیش نے پاکستان کو پہلی مرتبہ ٹیسٹ فارمیٹ میں شکست دی (فوٹو: اے پی)
پاکستان ٹیم کی بنگلہ دیش سے پہلی بار ٹیسٹ میں شکست کے بعد کپتان شان مسعود نے قوم سے معافی مانگ لی ہے۔
اتوار کو راولپنڈی میں پہلے ٹیسٹ میچ کے اختتام کے بعد پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے شان مسعود کا کہنا تھا کہ ’مایوسی ہم سب کو ہے، پوری قوم کو ہے، ٹیم کا کپتان ہونے کے ناطے پوری قوم سے، فینز سے معذرت کرتا ہوں وہ نتیجہ نہیں دے سکے جو پاکستان حق رکھتا تھا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہم بطور ٹیم اپنی غلطیوں کو تسلیم کرتے ہیں، ٹیم میں کوئی بھی حد سے زیادہ خود اعتمادی کا شکار نہیں تھا، غلطیاں سب سے ہوتی ہیں اور ہم سے اس ٹیسٹ میچ میں غلطیاں ہوئی ہیں۔‘
شان مسعود نے کہا کہ ’پہلی اننگز میں مشفق الرحیم اور مہدی حسن میراز کو چانس دیا، فیلڈنگ میں کافی غلطیاں ہوئیں اور کچھ سپیل ایسے تھے جن میں بہت زیادہ رنز بنے، پہلے چار دن وکٹ فاسٹ باؤلرز کے لیے سازگار تھی اور پانچویں دن سپنرز کو مدد ملی۔ گرین پچ کو مدنظر رکھتے ہوئے فاسٹ اٹیک کے ساتھ میدان میں اترے۔‘
پاکستان ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ ’بنگلہ دیش کی ٹیم کو کریڈٹ دینا چاہیے انہوں نے کھیل کے تمام شعبوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔‘
دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ یہ بنگلہ دیش کی ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کے خلاف پہلی جیت ہے۔
راولپنڈی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی جانب سے دیے گئے 30 رنز کے ہدف کو بنگلہ دیش نے بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے حاصل کیا۔
اس سے قبل ٹیسٹ کے پانچویں دن دوسری اننگز میں پاکستان کی پوری ٹیم 146 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔

سوشل میڈیا صارفین برہم 

دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین پاکستان کی شکست پر برہمی کا اظہار کر رہے ہیں۔
عطا محمد نوری نامی صارف نے ایکس پر پاکستان کی شکست پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’ ایک تو قوم سے جھوٹ بولا گیا کہ ٹیم میں بڑے سرجری ہو رہی ہے، وہ نہیں ہوئی صرف قوم کو بیوقوف بنایا گیا سارے اس ہی تنخواہ پر لگے ہوئے ہیں۔‘

کرکٹر احمد شہزاد نے ایکس پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’ پاکستان ٹیم کا تاریخی زوال شروع  ہو چکا ہے۔ قوم کے ساتھ بار بار جھوٹ بولا گیا اور آج بنگلہ دیش سے تاریخی ذلّت آمیز شکست کے بعد پھر سے گھناؤنا مذاق کیا گیا۔ قوم اب کس سے جواب طلب کرے اور کس کا گلا پکڑے؟ ان سب حالات کا اصل ذمےدار کون؟‘

کیپٹن ذیک نامی اکاؤنٹ نے اپنی پوسٹ میں کھلاڑیوں کی پرفارمنس پر سوال اٹھاتے ہوئے لکھا کہ ’سرجری کی بات ہوئی لیکن کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ کتنے میچ ہو گئے شاہین نسیم وغیرہ کی گیند بازی، بابر رضوان کی بلے بازی مسلسل ناکام یو رہی مگر ہھر بھی ٹیم میں ہیں؟‘

ایک اور ایکس صارف صبا نورین نے پاکستان ٹیم پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ ’ یہ دنیا میں مذاق بن رہا ہے، دی گریٹ شان اینڈ منیجمنٹ کو بیکار باؤلرز نہیں نظر آئے، سلیکشن بیکار ہے نہیں نظر آیا، سپنر نہیں کھلائے دنیا ہنس رہی ہے۔‘

شیئر: