Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کی بنگلہ دیش سے شکست کو رمیز راجہ نے انڈیا سے کیوں جوڑ دیا؟

بنگلہ دیشی بولرز کے سامنے پاکستانی بیٹنگ لائن اپ ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
راولپنڈی میں کھیلے گئے دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو شکست دے دی۔
بنگلہ دیشی بولرز کے سامنے پاکستانی بیٹنگ لائن اپ ریت کی دیوار ثابت ہوئی جس کے باعث بنگلہ دیش نے پاکستان کو بآسانی 10 وکٹوں سے ہرا دیا۔
اس شکست کے بعد جہاں کرکٹ مبصرین اور شائقین پاکستانی ٹیم پر سیخ پا ہیں، وہیں سابق پاکستانی کرکٹر رمیز راجہ نے اس شکست کی وجہ انڈیا کو قرار دیا ہے۔
رمیز راجہ نے پاکستانی ٹیم کی ہار کی وجہ گزشتہ برس کھیلے گئے ایشیا کپ میں انڈیا کے ہاتھوں پاکستانی ٹیم کی ہار کو قرار دیا۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق رمیز راجہ کہتے ہیں کہ ’پہلی بات تو یہ ہے کہ ٹیم سلیکشن میں غلطی تھی، آپ ایک سپنر کے بغیر کھیلے۔ دوسری بات یہ ہے کہ ہم جس چیز پر فخر کرتے تھے کہ ہم فاسٹ بولرز پر انحصار کرتے ہیں، وہ بات بھی ختم ہوگئی۔‘
انہوں نے مزید کہا ’یہ خوداعتمادی کا بحران اُس وقت آیا جب ایشیا کپ میں انڈیا نے سیمنگ کنڈیشنز میں ہمارے فاسٹ بولرز کو خوب پیٹا اور پھر سب کو یہ پتا چل گیا کہ اس بولنگ لائن کو کھیلنے کا یہ طریقہ ہے کہ اس کے خلاف جارحانہ کھیلا جائے۔‘
سابق کپتان کا مزید کہنا ہے کہ ’بولروں کی رفتار کم ہوگئی ہے اور اُن کی قابلیت بھی کم ہوگئی ہے۔‘
کپتان شان مسعود کے بارے میں رمیز راجہ کہتے ہیں کہ ’شان مسعود لگاتار میچ ہار رہے ہیں۔ آسٹریلیا میں میں سمجھتا ہوں کہ چیزیں مشکل تھیں اور وہاں پاکستان ٹیم کے لیے جیتنا ناممکن تھا لیکن آپ اب اپنے گھر میں بنگلہ دیش سے ہار رہے ہیں کیونکہ آپ نے کنڈیشنز کو ٹھیک طرح سے سمجھا نہیں۔‘
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر لکھا کہ ’بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم نے شاندار کھیل کھیلا اور میچ میں اپنے آپ کو قابو میں رکھا۔ یہ اُن کی تاریخی جیت ہے کیونکہ وہ پاکستان کے خلاف پہلی مرتبہ جیتے ہیں۔‘

محسن نقوی نے مزید لکھا کہ ’بدقسمتی سے پاکستان کرکٹ ٹیم اُس طرح کی کارکردگی نہیں دکھا سکی جیسی دکھانی چاہیے تھی۔ انشااللہ مین اِن گرین اگلے میچ میں کم بیک کریں گے۔‘    
دوسری جانب پاکستان کے سابق وکٹ کیپر بیٹر کامران اکمل نے ٹیم کی کارکردگی پر کہا کہ ’یہ رضوان نے 50 کیا اور سکور بورڈ چلایا ورنہ اننگز سے ہارتے۔ یہ اتنی بری ہار ہے کہ بھولی نہیں جائے گی۔ آپ کسی کا برا سوچو گے تو آپ کے ساتھ بھی برا ہوگا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’آپ نے پچھلے پانچ سالوں میں کچھ نہیں سیکھا۔ آپ زمبابوے سے ہار گئے۔ پچھلے سال ایشیا کپ سے باہر ہوگئے۔ آپ ابھی اتنا ذلیل ہوئے ہیں ورلڈ کپ میں، عالمی سطح پر پاکستان کرکٹ کا مذاق بن چکا ہے۔‘

شیئر: