جدہ میں گرد وغبار، مکہ میں تیز ہوا، آج بھی بارش کا امکان
’ہوا کے باعث بجلی کے ٹاور گر گئے، متعدد علاقوں میں بجلی کا انقطاع ہوگیا‘ ( فوٹو: سبق)
اتوار اور پیر کی درمیانی شب جدہ میں گرد وغبار کا طوفان ہوا جس کے باعث حد نگاہ انتہائی متاثر ہوگئی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ’پورے علاقے میں موسمی تبدیلیاں ہو رہی ہیں جن کے باعث موسم میں اچانک تبدیلی ہوتی ہے‘۔
ادھر مکہ مکرمہ میں تیز ہوا چلی ہےجس کے باعث بعض علاقوں میں سائن بورڈ گرگئے جبکہ بعض جگہوں پر درخت ٹوٹ گئے ہیں۔
اسی طرح کا ایک واقعہ حی الزاہر میں ہوا جہاں تیز ہوا سے بچنے کے لیے ایک شہری نے درخت کے نیچے گاڑی کھڑی کی تاہم تیز ہوا کے باعث درخت گاڑی پر گر گیا اور اسے سخت نقصان پہنچایا ہے۔
دریں اثنا مکہ مکرمہ میں آج پیر کو تیز ہوا کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے۔
ادھر جازان میں طوفانی ہوا کے باعث بجلی کے ٹاور گر گئے اور کہیں ٹوٹ گئے جس کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی کا انقطاع ہوگیا۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ بجلی کے ٹاور گرنے سے کئی علاقوں سے بجلی کا ابھی تک انقطاع جاری ہے۔
محکمہ موسمیات نے مدینہ منورہ ریجن میں بھی تیز ہوا اور موسلادھار بارش کے امکان کا اظہار کیا ہے۔