تحریک تحفظ آئین پاکستان کے مرکزی ترجمان اخون زادہ حسین یوسفزئی نے اُردو نیوز سے گفتگو میں محمود خان اچکزئی اور شاہد خاقان عباسی کے درمیان ہونے والی ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
’ملاقات میں عوام پاکستان پارٹی کو اپوزیشن اتحاد میں شامل ہونے کی دعوت دی گئی‘۔
دوسری جانب عوام پاکستان پارٹی کے ترجمان زعیم قادری کا کہنا ہے کہ ملک کے مسائل کا حل آپس کی رنجشیں بلا کر آگے بڑھنا ہے۔
اردو نیوز سے گفتگو میں اُنہوں نے کہا کہ اپوزیشن اتحاد میں شمولیت کا فیصلہ پارٹی قیادت کرے گی۔
تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ترجمان نے شاہد خاقان عباسی کو اپوزیشن اتحاد میں شمولیت کی دعوت دینے کے معاملے پر بتایا کہ ’ہم پُر اُمید ہیں کہ عوام پاکستان پارٹی اپوزیشن کی سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر حکومت مخالف تحریک کا حصہ بنے گی۔‘
’چونکہ شاہد خاقان عباسی خود محمود خان اچکزئی سے ملاقات کے لیے اُن کے گھر آئے ہیں اس لیے ہمیں عوام پاکستان پارٹی کی طرف سے مثبت جواب آنے کی اُمید ہے۔‘
ملاقات میں آل پارٹی کانفرنس بلائے جانے پر اتفاق
شاہد خاقان عباسی اور محمود خان اچکزئی کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی اور سکیورٹی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔
اخون زادہ حسین یوسفزئی کے مطابق ملاقات میں اس بات پر اتفاق ہوا ہے جلد ایک آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے۔
’آل پارٹیز کانفرنس میں ملک کی مجموعی صورتحال اور بالخصوص دہشت گردی کی حالیہ لہر پر گفتگو کی جائے گی۔ اس کے علاوہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں بدامنی کی صورتحال بھی زیر غور لائی جائے گی اور سیاسی جماعتوں کی طرف سے ان مسائل کا حل پیش کیا جائے گا۔‘
شاہد خاقان عباسی اور اُنکی جماعت کو ساتھ ملانے کے خواہش مند ہیں : ترجمان
تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ترجمان کے مطابق شاہد خاقان عباسی زیرک سیاستدان ہیں اور ملک کے مسائل کو بخوبی سمجھتے ہیں۔
’ہماری خواہش ہے کہ وہ تحریک تحفظ آئین میں شامل ہو کر ملک کے مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔‘
اُن کا کہنا تھا کہ اس وقت عوام پاکستان پارٹی اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے موجودہ حکومت پر ایک جیسے ہی تحفظات ہیں۔
’عوام پاکستان پارٹی کی جدو جہد بھی ملکی مسائل کے حل اور ناجائز حکومت کے خاتمے کے لیے ہے اس لیے ہمیں ایک ہی فورم کے ذریعے آواز اٹھانا چاہیے۔‘
اس بارے میں عوام پاکستان پارٹی کا موقف جاننے کے لیے جب عوام پاکستان پارٹی کے ترجمان زعیم قادری سے رابطہ کیا گیا تو اُن کا کہنا تھا وہ ذاتی طور پر اس ملاقات سے لا علم ہیں۔
’تاہم ان حالات میں ملک کے مسائل کا حل آپس کے اختلافات بھلا کر سیاسی اتفاق رائے پیدا کرنے میں ہے۔‘
زعیم قادری نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے ملک کا بیڑا غرق کر دیا ہے۔ معاشی اور سیاسی حالات ناگفتہ بہ ہیں۔
’اس صورتحال میں نہ صرف اپوزیشن جماعتوں کو اکٹھا ہونا چاہیے بلکہ حکومت کو قومی مسائل کے حل کے لیے تمام سیاسی جماعتوں سے رابطہ کرنا چاہیے۔‘
اُنہوں نے اپوزیشن اتحاد میں شمولیت کے سوال پر کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں اکٹھی ہو جائیں۔ ’تحریک تحفظ آئین پاکستان میں شمولیت کے حوالے سے پارٹی کی سینیئر قیادت مشاورت کرے گی اور پھر اس بارے میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔‘