Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عروس البحر الاحمر کی سیاحت میں پیش پیش ڈسکور جدہ

یہ شہر جدید ترقی کے پروگراموں کے ساتھ سیاحت کے شعبے میں آگے بڑھ رہا ہے۔ فوٹو: عرب نیوز
جدہ شہر عرصہ دراز سے مملکت کا گیٹ وے رہا ہے جو تجارت کے ذریعے تاریخی تعلقات اور عمرہ و حج زائرین کے لیے بنیادی گزرگاہ کے طور پر اپنی منفرد حیثیت کے ذریعے مملکت کی معیشت میں اہم مقام رکھتا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی ویژن 2030 کے آغاز سے یہ شہر جدید ترقی کے پروگراموں کے ساتھ سیاحت کے شعبے میں آگے بڑھ رہا ہے اور سالانہ 10 کروڑ سیاحوں کا استقبال کرنے کے قابل ہو رہا ہے۔
قدیم جدہ کی سیاحت اور جدید منصوبوں کی رہنمائی کے لیے ڈسکور جدہ  کمپنی کی بنیاد سنہ 2017 میں رکھی گئی جو آغاز سے ہی مقامی و بین الاقوامی سیاحوں کو خدمات پیش کر رہی ہے۔
ڈسکور جدہ کمپنی کے سی ای او علی المنائی جو ’عروس البحر الحمر‘ میں ہی پیدا ہوئے اور پلے بڑھے، شہر کی سیاحت کے بارے میں بے حد معلومات رکھتے ہیں۔
علی المنائی نے بتایا ’اپنی  تحقیق اور معلومات کے ساتھ میں نے محسوس کیا کہ جدہ آنے والے سیاحوں کو قدیم شہر سے محبت کے جذبے اور تجربات سے روشناس کرانا ضروری ہے۔‘
اسی منفرد سوچ کے ساتھ علی المنائی نے رجسٹرڈ ٹور گائیڈ بننے کے لیے سعودی وزارت سیاحت سے سرٹیفیکیٹ حاصل کیا۔
علی المنائی نے بتایا کہ انہوں نے گذشتہ سال قدیم جدہ کی سیاحت کے لیے ڈسکور البلد کا آغاز کیا جو مملکت کے عالمی ثقافتی ورثے کے مقامات میں سے ایک ہے۔

’ ڈسکور جدہ‘ مقامی و بین الاقوامی سیاحوں کو خدمات پیش کر رہی ہے۔ فوٹو: عرب نیوز

ڈسکور جدہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم  انسٹاگرام کے ذریعے سیاحوں کی دلچسپی کے لیے جدہ البلد کی قدیم بصری کہانی پیش کی جس نے تجسس میں اضافے کے ساتھ دنیا بھر کے سیاحوں کو جدہ دیکھنے کی دعوت دی۔
علی المنائی نے مزید بتایا کہ ’چھوٹی عمر سے ہی میرا رحجان فنکارانہ صلاحیتوں کی طرف زیادہ تھا، مختلف مقامات کی تصویریں کھینچنا اور منفرد قسم کی دلچسپ معلومات اکٹھی کرنا میرا پسندیدہ مشغلہ تھا۔
گائیڈڈ ٹورز کے علاوہ ڈسکور جدہ اشتہاری خدمات بھی پیش کرتا ہے جس میں جدہ کے اہم مقامات کے بارے میں مختلف معلومات شامل ہیں۔

البلد کا قدیم علاقہ عالمی ثقافتی ورثے کے مقامات میں سے ایک ہے۔ فوٹو: عرب نیوز

ڈسکور جدہ کمپنی سیاحوں کے لیے مختلف زبانوں کے ساتھ رہنمائی کی پیشکش بھی کرتی ہے تا کہ تاریخی شہر کی اہمیت کو آسانی سے سمجایا جا سکے اور یہاں آنے والے سیاح عالمی ورثے سے جڑے مقامات کے بارے میں  بہتر طریقے سے جان سکے۔
سیاحوں کی رہنمائی کے لیے موسم کے لحاظ سے بہترین اوقات سے بھی آگاہ کیا جاتا ہے تاکہ زائرین اپنے تجربات کے خوبصورت لمحات سے مستفید ہوں اور خاندان اور دوستوں سے بھی شیئر کریں۔

گائیڈڈ ٹورز کے علاوہ ڈسکور جدہ اشتہاری خدمات بھی پیش کرتا ہے۔ فوٹو: عرب نیوز

اس موقع پر ڈسکور جدہ کے مہمان گھانا کے ایک سیاح نے بتایا کہ ’اس ٹور میں ہمیں صرف عمارات  ہی نہیں دکھائی گئی بلکہ ان کی تاریخی حقیقت سے بھی آگاہ کیا گیا ہے جس سے ہمیں قدیم شہر کو دیکھنے اور سمجھنے کا موقع ملا، ہمارا یہ ٹور بہت دوستانہ اور دلچسپیوں سے بھرپور ہے۔‘
علی المنائی نے مستقبل قریب کے ارادے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’جاپانی، چینی، اردو، ہندی اور ملیالم زبانوں میں رہنمائی اور بات چیت کرنے کے لیے ہم بہت جلد گروپ میں مزید ٹور گائیڈز شامل کر رہے ہیں۔‘
اس وقت المنائی سمیت ان کے ساتھ پانچ ٹور گائیڈز ہیں، ہم سب اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ سیاحوں کے ساتھ ٹور پر ہوتے ہوئے انہیں معیاری معلومات فراہم کی جائیں۔

’ڈسکور جدہ‘ مختلف زبانوں میں ٹور پروگرام کا بھی اہتمام کرتی ہے۔ فوٹو: عرب نیوز

ڈسکور جدہ کمپنی کبھی کبھار مکہ، مدینہ اور ریاض میں عربی، انگریزی، جرمن، اطالوی، فرانسیسی اور ہسپانوی زبانوں میں ٹور پروگرام کا بھی اہتمام کرتی ہے۔
ڈسکور جدہ کی خدمات سے مستفید ہونے والوں میں امریکی، برطانوی، جرمن، روسی، برازیلین، یورپی، انڈین، گھانا اور مصری کے سیاحوں کے علاوہ  مملکت کے دیگر شہروں سے آنے والے مقامی شہری بھی شامل ہیں۔
 

شیئر: