Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ میں رمضان سجاوٹ، رہائشیوں کے ذوق کی آئینہ دار

مختلف سٹالز اور دکانیں علاقائی ثقافتی اور روایات کو  زندہ کرتی ہیں۔ فوٹو عرب نیوز
جدہ کے عوامی مقامات پر رمضان کی سجاوٹ  کے حوالے سے  ہر گزرتے برس میں مزید وسعت اور دلکشی  آتی جا رہی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق عروس البحر میں جگمگاتے شاپنگ مالز، ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور معروف سٹورز کے اندر اور باہر اس سال سجاوٹ میں قابل ذکر تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے۔
رمضان کے حوالے سے مختلف رنگوں اور ڈیزائن کی روشنیوں سے جدہ کے رہائشیوں اور زائرین کا ذوق کا اندازہ ہوتا ہے۔
جدہ کے تقریباً ہر علاقے میں بہت سی دکانیں رمضان کے خصوصی رنگوں سے آراستہ ہیں جن میں منفرد قسم کی لالٹینیں اور سنہری ہلال عمومی طور پر نظر آتے ہیں۔
رمضان کے حوالے سے خریداروں کے لیے دلکش رعائتوں کے ساتھ انعامات اور دلچسپ مقابلوں کا بندوبست کیا جاتا ہے۔
چاند سے مشابہہ اور دیگر شاندار اور خوبصورت رنگوں کے ماڈلز کی روشنیوں کے علاوہ ماہ رمضان میں جیومیٹرک پرنٹس والے رنگین کپڑے سے بنائی گئی جھنڈیوں سے شہر کے اکثر علاقوں کو سجایا جاتا ہے۔
جدہ کے تاریخی علاقے البلد میں رمضان کی تقریبات زائرین کو پرانے شہر کے بھرپور ورثے اور روایات کے مطابق خاص قسم کے جشن کے ساتھ منفرد تجربات کا موقع فراہم کرتی ہے۔

خوبصورت رنگوں کے ماڈلز سے علاقوں کو سجایا جاتا ہے۔ فوٹو عرب نیوز

البلد میں قائم مارکیٹوں  کے ساتھ مختلف سٹالز اور دکانیں علاقائی ثقافت اور روایات کو  زندہ کرتی ہیں۔ ان میں افطاری اور سحری کے مخصوص کھانے بھی شامل ہیں جو تہوار کا ماحول فراہم کرتے ہیں۔
تاریخی علاقے میں زائرین کے بیٹھنے کے لیے خصوصی نشستوں کا بندوبست کیا گیا ہے جہاں بچے اور بڑے روایتی کھیلوں میں بھی مشغول نظر آتے ہیں، کسی جگہ تاریخی اور ادبی محفلوں کا بندوبست ہے۔
مشہور ٹی وی شوز سے لطف اندوز ہونے کے لیے بیرونی مقامات پر آرام دہ قسم کی بیٹھکیں لگائی جاتی ہیں۔

بچے اور بڑے روایتی کھیلوں میں بھی مشغول نظر آتے ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

شہر کے معروف ریڈ سی مال کو رمضان المبارک کے لیے مخصوص لالٹینوں، روشنیوں اور سنہری ہلال کے  ماڈلز سے مزین کیا گیا ہےجو مثالی تصور پیش کر رہا ہے۔
مال میں موجود ایک دکان کے مالک نے بتایا ’رمضان ہمارے دلوں میں خاص مقام رکھتا ہے، ہم اس  موسم میں صارفین کی ضروریات اور دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے منفرد ڈسپلے اور  ماڈلز سے سجاوٹ کرتے ہیں۔

رمضان کے خصوصی تحائف اور سجاوٹ کے ساتھ  نئی شکل دی ہے۔ فوٹو عرب نیوز

جدہ کا مال آف عریبیہ جو خریداری کا ایک اور نمایاں مقام ہے وہاں بھی مختلف قسم کی سرگرمیاں اور پیشکشیں جاری ہیں۔
تاجروں نے صارفین کو خوش آمدید کہنے کے لیے اپنے سٹورز کو رمضان کے خصوصی تحائف اور سجاوٹ کے ساتھ ایک نئی شکل دی ہے۔
 

شیئر: