Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عرب دنیا میں جدہ کے انواع و اقسام کے پکوان اپنی مثال آپ

جدہ میں غیر ملکیوں کی بڑی تعداد ہونے کی وجہ سے یہاں انواع و اقسام کے کھانے کے ہوٹلز بھی قائم ہیں: فوٹو فری پکس
دنیا بھر میں کھانوں کے کاروبار کو غیر معمولی طورپر مقبولیت حاصل ہے۔ جس طرح پاکستان کے مختلف شہروں میں ’فوڈ سٹریٹ‘ قائم ہیں اسی طرح سعودی عرب کے بھی تقریباً ہر شہر میں مختلف مقامات پر فوڈ کارنر یا فوڈ سٹریٹ موجود ہیں۔ 
جدہ شہر کی اہمیت کی دو بنیادی وجوہات ہیں ایک تو یہ شہر حرمین شریفین کے درمیان میں واقع ہے۔ ایک سمت مکہ مکرمہ جس کا جدہ سے فاصلہ 70 کلومیٹر ہے جبکہ دوسری جانب مدینہ منورہ جو 425 کلو میٹر کی مسافت پر ہے۔ 

النسیم‘ کے علاقے میں معروف فوڈ سٹریٹ ہے جہاں مغربی اور مشرقی کھانوں کے ریسٹورانٹس ایک قطار میں قائم ہیں(فوٹو: سوشل میڈیا)

جدہ میں غیر ملکیوں کی بڑی تعداد ہونے کی وجہ سے یہاں انواع و اقسام کے کھانے کے ہوٹلز بھی قائم ہیں جن میں ان ممالک کی تہذیب وثقافت کو بھی پیش کیا جاتا ہے۔  
پاکستانی پکوان پیش کرنے والے ریسٹورانٹس ان علاقوں میں ہیں جہاں کمیونٹی کی تعداد زیادہ ہے۔
یہاں سب سے زیادہ مقبول فاسٹ فوڈ میں ’البیک چکن بروسٹ‘ اور ’شاورما‘ ہے جبکہ دیگر کھانوں میں اہل یمن میں ’مندی‘، ’مضبی‘ اور ’کوزی‘ ہے جسے عام الفاظ میں ’یمنی بریانی ‘ کہا جائے تو بےجا نہ ہو گا۔ 
جدہ میں کھانوں کے لیے مشہور سٹریٹ ’صفا ‘ محلے میں ہے جہاں ’شاورما‘ کے ریسٹورانٹس کی تعداد سب سے زیادہ ہے دوسرے نمبر پر اس علاقے میں ’سی فوڈ‘ کے کافی ہوٹل ہیں۔ 
’النسیم‘ کے علاقے میں رنگ روڈ کے عقبی حصے میں بھی ایک معروف فوڈ سٹریٹ ہے جہاں مغربی اور مشرقی کھانوں کے ریسٹورانٹس ایک قطار میں قائم ہیں۔
اس علاقے میں مہنگے ہوٹلز بھی ہیں اور متوسط بھی جبکہ کیفے کی بھی اس علاقے میں کمی نہیں۔ 
’شرفیہ‘ کے علاقے میں جہاں پاکستانی کم اور انڈین زیادہ مقیم ہیں میں بھی ریستورانوں کی بڑی تعداد ہے تاہم ان میں بیشتر ہوٹلز انڈین ریاست ’کیرلہ‘ سے تعلق رکھنے والوں کے ہیں۔ ان ہوٹلوں کے درمیان ’ڈھابے‘ بھی ہیں جہاں کا ماحول بھی انڈین طرز کی ہوتا ہے۔ 

مقبول فاسٹ فوڈ میں ’البیک چکن بروسٹ‘ اور ’شاورما‘ ہے جبکہ دیگر کھانوں میں اہل یمن میں ’مندی‘، ’مضبی‘ اور ’کوزی‘ ہے جسے عام الفاظ میں ’یمنی بریانی ‘ کہا جائے تو بےجا نہ ہو گا۔: فوٹو البیک  

شرفیہ کے اس  علاقے میں جہاں ریسٹورانٹس ہیں رات گئے تک رونق رہتی ہے۔ پان کی چھوٹی، چھوٹی دکانیں اور ڈھابوں پر چائے فروخت کی جاتی ہے۔ 
شہر کا نسبتاً مہنگا علاقہ جو ساحل کے راستے میں آتا ہے۔ ’التحلیہ‘ روڈ جبکہ دوسرا ’فلسطین‘ روڈ کہلاتا ہے ان شاہراہوں پر مغربی اور معروف برانڈ کے فاسٹ فوڈ ریسٹورانٹس ہیں۔ 
فسلطین روڈ کے آخر میں جو ساحل کے سامنے کافی ریسٹورانٹس ہیں۔ چند برس قبل تک یہ علاقہ انتہائی مہنگا تصور کیا جاتا تھا تاہم اب یہاں گنتی کے ہی چند ریستوران رہ گئے ہیں۔

اس کی وجہ یہ بتائی جاتی ہے کہ ’کورنیش‘ کے دوسرے علاقے کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد زیادہ تر لوگ اسی حصہ میں تفریح کے لیے جاتے ہیں جس کی وجہ سے ’فلسطین شارع‘ پر لوگوں کی آمد کم ہوگئی ہے اور تاجروں نے اپنا بزنس دوسرے علاقے میں منتقل کر دیا۔ 
 

شیئر: