Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئی فون 16 کے لانچ پر سام سنگ کا ایپل سے ’مزاحیہ سوال‘

ایپل کی آئی فون 16 سیریز 20 ستمبر سے مارکیٹ میں دستیاب ہوگی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے مصنوعی ذہانت سے لیس آئی فون 16 سیریز سمیت نئے پراڈکٹس لانچ کر دیے ہیں۔
پیر کے روز ایپل پارک میں ہونے والے ایونٹ کے بعد سے ہی ایپل کی نئی پراڈکٹس سوشل میڈیا پر زیر بحث ہیں جن میں نیا آئی فون 16، 16 پرو، آئی پوڈز 4، ایپل واچ 10 اور واچ الٹرا 2 شامل ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر جہاں ایپل کے صارفین کمپنی کے نئے پراڈکٹس پر اپنا ردعمل دے رہے ہیں وہیں ایپل کی حریف سمجھی جانے والی کورین ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ نے بھی ایپل کے لانچ ایونٹ پر ردعمل دیا ہے۔
10 ستمبر کو سام سنگ امریکہ نے اپنے ایکس اکاؤنٹ سے اپنی ایک پرانی پوسٹ دوبارہ شیئر کرتے ہوئے ایپل کے لانچ ایونٹ پر دلچسپ اور مزاحیہ ردعمل دیا۔
سام سنگ کی پرانی پوسٹ میں لکھا گیا تھا ’ہمیں بتایے گا جب یہ فون فولڈ ہو پائے۔‘ سام سنگ امریکہ نے اس سال بھی وہی پوسٹ دوبارہ شیئر کر کے لکھا ’ہم ابھی تک انتظار کر رہے ہیں۔‘

اس پوسٹ کے ذریعے سام سنگ نے اس بات کی طرف اشارہ کیا کہ ایپل ابھی تک فولڈ فون بنانے کی دوڑ میں ان سے پیچھے ہے۔
سام سنگ کی اس پوسٹ پر سوشل میڈیا صارفین نے بھی کافی کمنٹس کیے ہیں۔
ٹیک ورل نے لکھا ’آئی فون بھی فولڈ ہو سکتا ہے، مگر ایک ہی بار۔‘

ایک اور صارف نے لکھا ’یہ شاید فولڈ تو ہو جائے لیکن کیا اس کے بعد استعمال کے قابل رہے گا؟‘

ایک پوسٹ میں ایپل فین نے جواب دیا ’کیا آپ ایئر ڈراپ کر سکتے ہیں؟‘

ایک اور صارف نے لکھا ’فولڈ فونز کے بارے میں کوئی پروا نہیں کرتا۔‘

ایک اور پوسٹ میں سام سنگ نے ایپل کی مصنوعی ذہانت پر تبصرہ بھی کیا اور کہا ’ہم نے مصنوعی ذہانت پر آپ سب کی توقعات کچھ زیادہ ہی بڑھا دی ہیں۔‘

واضح رہے ایپل نے آئی فون 16 کے ذریعے اپنی مصنوعی ذہانت ’ایپل انٹیلی جینس‘ متعارف کروائی ہے اور اس سے قبل سام سنگ اپنے گلیکسی ایس 24 الٹرا میں مصنوعی ذہانت متعارف کروا چکا ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے جب سام سنگ نے ایپل کو ایسی پوسٹ کے ذریعے مزاح کا نشانہ بنایا ہو۔ اس سے قبل، ٹیک جائنٹ نے ایپل کے آئی پیڈ پرو اشتہار کا مذاق اڑایا تھا۔
ایپل کے اس اشتہار میں ایک ہائیڈرالک پریس کو مختلف آرٹسٹک ٹولز کو کچلتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔ اس اشتہار کے بعد سوشل میڈیا پر کافی تنازع ہوا تھا اور سیم سنگ نے جواب میں ایک ویڈیو بھی جاری کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ تخلیقی صلاحیتوں کو تباہ نہیں کیا جا سکتا۔

شیئر: