Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹوٹنہم کے روڈریگو پر ساتھی کھلاڑی پر نسل پرستانہ تبصرے کا الزام

انگلش فٹ بال ایسوسی ایشن نے19 ستمبر تک جواب دینے کا وقت دیا ہے۔ فائل فوٹو گیٹی امیجز
یوراگوئے کے مڈفیلڈر روڈریگو بینٹینکر پر انگلش فٹ بال ایسوسی ایشن نے جنوبی کوریائی باشندوں کے بارے میں جارحانہ لفظ استعمال کرنے کا الزا م عائد کیا ہے۔
امریکی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق روڈریگو بینٹینکر نے لندن کے ٹوٹنہم کلب کے اپنے جنوبی کوریائی ساتھی کھلاڑی سون ہیونگ من کے بارے میں نسل پرستانہ تبصرہ کیا تھا۔
انگلش فٹ بال ایسوسی ایشن نے جنوبی کوریائی باشندوں کے بارے میں جارحانہ تبصرہ کرنے کے تین ماہ بعد روڈریگو پر یہ الزام عائد کیا ہے۔
جون میں یوروگوائے کے ایک ٹیلی ویژن شو میں روڈریگو بینٹینکر سے ٹوٹنہم  کے جنوبی کوریائی کھلاڑی کی جرسی کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا تھا ’سون کا؟‘ ، یہ سون کا کزن بھی ہو سکتا ہے کیونکہ یہ سب دیکھنے میں ایک جیسے لگتے ہیں۔
یوراگوئے کے مڈفیلڈر نے کہا تھا اس جواب پر بعد میں جنوبی کوریائی ساتھی کھلاڑی سون ہیونگ من سے معذرت بھی کی تھی۔
بینٹینکر نے انسٹاگرام پر ہیونگ من سے معافی مانگتے ہوئے کہا تھا ’یہ ایک ’بہت برا مذاق‘تھا اور میں کبھی بھی آپ کی بے عزتی یا آپ کو تکلیف نہیں پہنچانا چاہتا تھا۔

یوراگوئے کے مڈفیلڈر نے سون ہیونگ من سے معذرت بھی کی تھی۔  فائل فوٹو اے ایف پی

انگلش فٹ بال ایسوسی ایشن نے رپورٹ میں کہا ہے بینٹینکر پر الزام ہے کہ انہوں نے ’غیر مناسب حرکت کی یا توہین آمیز یا گالی کے الفاظ استعمال کیے یا  ان الفاظ سے کھیل کو بدنام کیا۔
فٹ بال ایسوسی ایشن نے مزید کہا مڈ فیلڈر نے ایک سنگین خلاف ورزی کی ہے کیونکہ ان کے الفاظ میں  قومیت یا نسلی پرستی کا حوالہ دیا گیا ہے۔
یوراگوئے کے مڈ فیلڈر روڈریگو بینٹینکر کو الزام کا جواب داخل کرانے کے لیے 19 ستمبر تک کا وقت دیا گیا ہے اور تب تک ٹوٹنہم کے مڈفیلڈر کو کھیلنے کی اجازت ہے۔

شیئر: