پریمیئر لیگ: ٹوٹنہم نے چیلسی کو ہوم گراونڈ پر شکست دیدی
لندن: انگلش پریمیئر لیگ کے دوران ٹوٹنہم ہوٹسپر نے چیلسی کو 28سال بعد اس کے ہوم گراونڈ پر شکست سے دوچار کردیا ۔ ٹوٹنہم نے یہ میچ1-3سے جیتا ۔ ڈیلی علی نے2جبکہ ایرکسن نے ایک گول کیا۔ چیلسی کی جانب سے واحد گول موراٹا نے اسکور کرکے ٹیم کو برتری دلادی تاہم چیلسی ا س برتری کو برقرار نہ رکھ سکی اور مزید گول نہ کر پائی ۔ ٹوٹنہم نے خسارے میں جانے کے باجود پہلے ہاف کے آخری منٹ میں گول کرتے ہوئے میچ برابر کیا ۔ چیلسی کو کھیل کے 30ویں منٹ میں الوارو موراٹا نے اس وقت برتری دلائی جب ہیگو لورس ایک کراس کو قابو نہ کرسکے تاہم موراٹا نے شاندار ہیڈ کے ذریعے گول کردیا ۔ اس سے پہلے چیلسی کے مارکوس الانسو نے گول کیا لیکن آف سائڈ قرارپائے۔پہلے ہاف کے انجری ٹائم میں ٹوٹنہم کے کرسٹیان ایرکسن نے طویل فاصلے سے کک لگا کر گیند کو گول میں پہنچایا۔ دوسرے ہاف کے دوران ڈیلی علی نے 4منٹ میں 2گول کرتے ہوئے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔انہوں نے ایرک ڈائر کی جانب سے ملنے والے پاس کو گول میں تبدیل کرکے مقابلہ1-2کیا اور پھر اگلے 3منٹ میں ایک اور موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے برتری 1-3 کر دی۔ ٹوٹنہم یہ اہم فتح حاصل کرکے پوائنٹس ٹیبل پر چیلسی سے اوپر آگئی ۔ مہمان ٹیم نے28سال بعد حریف کلب کو اس کے ہوم گراونڈ پر ہرادیا۔