بابر، بمراہ، شاہین اور کوہلی ’ایک ٹیم میں‘؟
یہ ٹورنامنٹ 2005 اور آخری مرتبہ 2007 میں ہوا تھا جہاں ایشیا الیون اور افریقہ الیون کے درمیان میچ کھیلے گئے تھے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
کرکٹ کے حوالے سے ایک اہم خبر سامنے آ رہی ہے جہاں شائقین پاکستان اور انڈیا کے کھلاڑیوں کو ایک ہی ٹیم میں کھیلنے کا خواب پورا ہوتے دیکھ سکیں گے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق مشہور کرکٹ ٹورنامنٹ ’ایفرو ایشیا کپ‘ کے بارے میں ایک مرتبہ پھر سے بحث جاری ہے۔
یہ ٹورنامنٹ 2005 اور آخری مرتبہ 2007 میں ہوا تھا جہاں ایشیا الیون اور افریقہ الیون کے درمیان میچ کھیلے گئے تھے۔
ایشیا الیون میں پاکستان، انڈیا، سری لنکا اور بنگلہ دیش کے کرکٹرز شامل تھے جبکہ افریقہ الیون میں جنوبی افریقہ، زمبابوے اور کینیا کے پلیئرز نے حصہ لیا تھا۔
دو کامیاب ٹورنامنٹس کے بعد 2008 میں ہونے والے ممبئی حملوں کے بعد پاکستان اور انڈیا کے درمیان سیاسی کشیدگی کے باعث یہ ٹورنامنٹ دوبارہ نہ ہو سکا تاہم رواں سال دسمبر میں جے شاہ کے آئی سی سی چیئرمین بننے کے بعد اس ٹورنامنٹ کو دوبارہ کروانے کے بارے میں چہ مگوئیاں شروع ہوگئی ہیں۔
آخری مرتبہ یہ ٹورنامنٹ ون ڈے فارمیٹ کے تحت ہوا تھا تاہم اس مرتبہ یہ ٹورنامنٹ ٹی20 فارمیٹ پر مبنی ہو سکتا ہے۔
افریقن کرکٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین سمود دامودار اس بارے میں کہتے ہیں کہ ’مجھے اس بات کا بہت دکھ ہے کہ ایفرو ایشیا کپ دوبارہ سے منعقد نہیں ہوا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’میرے خیال سے اس ٹورنامنٹ کو اچھی طرح سے سمجھا نہیں گیا۔ ہمارے ممبرز اس بات پر پچھتاتے ہیں۔ اسے افریقہ کو دوبارہ سے کروانے کی کوشش کرنی ہوگی۔‘
اگر یہ ٹورنامنٹ 2025 میں پرپوز کیا جاتا ہے تو ممکنہ طور پر ایشیا الیون کی ٹیم میں بابر اعظم، وراٹ کوہلی، جسپریت بمراہ اور شاہین آفریدی کو ایک ساتھ کھیلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
خیال رہے کہ 21 سال قبل جب یہ ٹورنامنٹ 2005 میں منعقد ہوا تھا تو ایشیا کی ٹیم میں شعیب اختر، وریندر سہواگ، شاہد آفریدی، آشیش نہرا، مہیلا جے وردھنے، انضام الحق سمیت دیگر کئی کھلاڑیوں نے حصہ لیا تھا۔