’یہ رینکنگ کون جاری کرتا ہے؟‘ بابر اعظم کی پہلی پوزیشن پر سوالات اٹھ گئے
’یہ رینکنگ کون جاری کرتا ہے؟‘ بابر اعظم کی پہلی پوزیشن پر سوالات اٹھ گئے
جمعہ 16 اگست 2024 10:55
آئی سی سی ون ڈے کی رینکنگ کے مطابق بابر اعظم پہلے نمبر پر ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ون ڈے کرکٹ کی رینکنگ جاری کی ہے جس میں پاکستانی کرکٹر بابر اعظم ایک مرتبہ پھر اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہے ہیں۔
نومبر 2023 سے کسی بھی ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں شرکت نہ کرنے کے باوجود بابر اعظم نے اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھی ہوئی ہے۔
آئی سی سی کی جاری کردہ اس رینکنگ پر پاکستان کے سابق کرکٹر باسط علی نے سوالات اٹھا دیے ہیں۔ باسط علی نے آئی سی سی کی رینکنگ کے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ’آئی سی سی نہیں چاہتا ہے کہ بابر اعظم پرفارم کریں اسی وجہ سے انہیں پہلی پوزیشن پہ رکھا ہوا ہے۔‘
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق بلے باز نے اپنے یوٹیوب چینل پر ایک ویلاگ اپلوڈ کیا ہے جس میں وہ آئی سی سی کی جانب سے او ڈی آئی کرکٹ کی رینکنگ پر تنقید کر رہے ہیں۔
باسط علی کہتے ہیں کہ ’میں نے جب آئی سی سی رینکنگ دیکھی اور پہلے تین نام پڑھے تو پہلے پر بابر تھا، دوسرے پر روہت شرما، تیسرے پر شمبن گل اور پھر وراٹ کوہلی۔‘
انہوں نے مزید کہا ’اس کے بعد میں نے اس رینکنگ کو آگے پڑھنا مناسب نہیں سمجھا کیوںکہ اس میں نہ ٹریوس ہیڈ ہے اور نہ ہی راجن رویندرا۔‘
بابر اعظم کی پہلی پوزیشن کے بارے میں بات کرتے ہوئے کرکٹر نے کہا کہ ’مجھے لگتا ہے کہ آئی سی سی نہیں چاہتا ہے کہ بابر پرفارم کرے، اسی لیے بابر کو او ڈی آئی میں پہلی پوزیشن دے دیتے ہیں تاکہ وہ اسی پرہی خوش رہے، یہ شمبن گل اور بابر اعظم کو کس بنیاد پر پہلے نمبر پر رکھا گیا ہے؟‘
بابر اعظم سمیت آئی سی سی رینکنگ کے ٹاپ تین پر آنے والے کھلاڑیوں کی کارگردگی کے بارے میں باسط علی نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ’ہم نے ورلڈ کپ میں بابر اعظم کو دیکھا، رویندار کو دیکھا، وراٹ کوہلی کو دیکھا کتنی سینچریاں بنائی ہیں انہوں نے؟ یہ تو تین تین اور چار چار رنز بنا کر آؤٹ ہوتے رہے، پاکستان کی طرف سے رضوان اور فخر نے سینچریاں بنائی ، بابر کا تو کوئی سو (سینچری) نہیں تھا۔‘
باسط علی نے مزید کہا ’بابر نے آخری سینچری ایشیا کپ میں نیپال کے خلاف بنائی تھی، تو میرا خیال ہے آئی سی سی والے چاہتے ہیں بابر کی پرفارمنس نہ ہو، ارے یار معاف کر دو، یہ کیا رینکنگ دیتے ہو؟ جس نے آخری ایک روزہ میچ اکتوبر، نومبر میں کھیلا ہے اس کو آپ نے نمبر ایک پر رکھا ہوا ہے، گل کی کیا پرفارمنس ہے جو اسے نمبر تین پر رکھا ہوا ہے۔ کون لوگ بیٹھے ہیں آئی سی سی میں؟ میں آج برملا کہتا ہوں، بابر کے دشمن تو آئی سی سی والے ہیں۔‘