Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹرمپ کا ’جھوٹا دعویٰ‘، اوہائیو میں دھمکی کے بعد سکول اور دفاتر بند

ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ ہیٹی کے تارکین وطن کتے اور بلیاں کھاتے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
امریکی ریاست اوہائیو میں بم کی دھمکیاں دوسرے روز بھی موصول ہونے کے بعد بعد سکول اور میونسپل عمارتوں کو خالی کرا لیا گیا تاہم حکام نے دھماکہ خیز مواد کی شناخت کرنے والے کتوں کی مدد سے عمارتوں کا معائنہ کیا اور انہیں کلیئر قرار دے دیا۔
امریکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق سابق امریکی صدر اور ریپبلکن پارٹی کے نامزد صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے اس جھوٹے دعوے کے بعد اوہائیو توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے کہ ہیٹی کے تارکین پالتو جانور اٹھا کر کھا رہے ہیں۔
اوہائیو کے ترجمان کیرن گریوز نے بتایا کہ دھمکی زدہ ای میل میں کہا گیا ہے کہ سپرنگ فیلڈ کے میئر اور شہر کے دیگر عہدیداروں کے گھروں میں بم نصب کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک دوسری ای میل میں دھمکی دی گئی ہے کہ سپرنگ فیلڈ سٹی ہال، ایک ہائی سکول، ایک مڈل سکول، دو ایلیمنٹری سکول، اوہائیو بیورو آف موٹر وہیکلز کے مقامی دفتر اور لائسنسنگ بیورو سمیت دیگر مقامات پر بم دھماکے کیے جائیں گے۔
ترجمان کیرن گریوز نے کہا کہ ’ہم اپنی کمیونٹی کی حفاظت اور فلاح و بہبود کے لیے پُرعزم ہیں اور عوام کو لاحق تمام خطرات کو انتہائی سنجیدگی سے لیتے ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ وفاقی تفتیشی ادارے فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) کے دفتر کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں تاکہ ان دھمکی آمیز ای امیل کا سراغ لگایا جا سکے۔
جمعے کو ایک بیان میں سپرنگ فیلڈ سٹی سکول ڈسٹرک نے کہا کہ سکول کو درپیش تمام خطرات کو سنجیدگی سے لیا جاتا ہے اور ان دھمکیوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
دھمکی آمیز ای میلز میں ریاست کے دارالحکومت کولمبس سے تقریباً 45 میل کے فاصلے پر واقع شہر میں ہزاروں ہیٹی تارکین وطن کی آمد کا حوالہ دیا گیا ہے۔
منگل کو صدارتی امیدوار کملا ہیرس کے ساتھ کے مباحثے میں ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک مرتبہ پھر دعویٰ کیا تھا کہ ہیٹی کے تارکین وطن لوگوں کے پالتو کتے اور بلیاں کھا جاتے ہیں۔

اوہائیو میں ہیٹی کے تارکین وطن کی ایک بڑی تعداد مقیم ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

ڈونلڈ ٹرمپ کے نائب صدارتی امیدوار سینٹر جے ڈی وینس اور دیگر ریپبلکن نے بھی اسی قسم کا دعویٰ کیا تھا کہ تارکین وطن تفریحی مقامات سے پرندے اٹھا کر کھاتے ہیں۔
مارچ میں افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ سپرنگ فیلڈ کے ایک پارک میں ہیٹی سے تعلق رکھنے والے تین پناہ گزینوں کو بطخ اور ہنس کو پکڑتے دیکھا گیا تھا۔
چند دن پہلے پارک میں ایک تختی بھی نصب کی گئی تھی جس پر لکھا تھا ’برائے مہربانی بطخیں نہ کھائیں‘، تاہم نیشنل ٹریلز پارکس اینڈ ریکریشن ڈسٹرکٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر بریڈ بویر نے بتایا ہے کہ اس تختی کو ہٹا دیا گیا ہے۔  
جمعے کو نیوز نیشن کے ساتھ ایک انٹرویو میں سپرنگ فیلڈ کے میئر راب رو نے کہا کہ ریپبلکن پارٹی کے یہ دعوے غلط ہیں اور شہر پر منفی اثرات ڈال رہے ہیں۔
انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ سپرنگ فیلڈ اب بھی خوبصورت ہے اور آپ کے پالتو جانور محفوظ ہیں۔

شیئر: