Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

واٹس ایپ: نامعلوم نمبروں کے پیغامات بلاک کرنے کا نیا فیچر

یہ فیچر فی الحال بیٹا ٹیسٹرز تک محدود ہے (فوٹو: اے ایف پی)
واٹس ایپ ایک نیا فیچر ٹیسٹ کر رہا ہے جو صارفین کو نامعلوم اکاؤنٹس سے بھیجے جانے والے ناپسندیدہ پیغامات سے محفوظ رکھنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
یہ فیچر خود بخود صارفین کو پیغام بھیجنے والے نامعلوم افراد سے محفوظ رکھتا ہے۔ یہ خصوصیت پہلے ہی کچھ ٹیسٹرز کے لیے دستیاب ہے اور اسے مینوئل فعال کرنا ہوتا ہے۔ یہ فیچر بعدازاں دو دیگر فیچرز میں شامل ہو جائے گا جس کا مقصد میسجنگ ایپ کا استعمال کرتے ہوئے صارف کی رازداری کی حفاظت کرنا ہے۔
اینڈرائیڈ 2.24.20.16 کے لیے واٹس ایپ بِیٹا میں اپ ڈیٹ کرنے کے بعد صارفین کو ایک نئی سیٹنگ تک رسائی حاصل ہوگی جو کچھ نامعلوم اکاؤنٹس کے پیغامات کو روکتی ہے۔ بیٹا ٹیسٹرز جو اینڈرائیڈ سمارٹ فونز کے لیے جدید ترین ورژن چلا رہے ہیں وہ تھری ڈاٹ مینو > سیٹنگز > پرائیویسی > ایڈوانسڈ > بلاک ان نون اکاؤنٹ میسجز کو کلک کر سکتے ہیں۔
نئے فیچر کے لیے واٹس ایپ کی تفصیل میں کہا گیا ہے کہ اسے صارف کے اکاؤنٹ کی حفاظت اور ڈیوائس کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ ایک بار فعال ہونے کے بعد پیغام رسانی کا پلیٹ فارم ’نامعلوم اکاؤنٹس کے ذریعے بھیجے گئے پیغامات کو بلاک کر دے گا اگر وہ ایک خاص حجم سے زیادہ ہوں۔‘
 سپیم پیغامات کی آمد صارف کی ڈیوائس کی کارکردگی کو منفی طور پر متاثر کر سکتی ہے، اور ایسا لگتا ہے کہ نئی خصوصیت صارفین کو خودکار سپیم پیغامات سے بچانے کے لیے بنائی گئی ہے۔
یہ فیچر فی الحال بیٹا ٹیسٹرز تک محدود ہے، جس کا مطلب ہے کہ مستحکم اپ ڈیٹ چینل پر صارفین کو وسیع تر رول آؤٹ کا انتظار کرنا پڑے گا۔ اس کے فعال ہونے پر صارفین اب بھی نامعلوم اکاؤنٹس کے پیغامات کو ایک غیر متعینہ حد کے اندر دیکھیں گے۔
نامعلوم اکاؤنٹس سے میسجز کو بلاک کرنے کا فیچر دو دیگر فیچرز میں شامل ہو جائے گا جو واٹس ایپ پر ایڈوانس پرائیویسی پیش کرتے ہیں، کالز میں صارف کے آئی پی ایڈریس کی حفاظت کرنا، اور تیسرے فریق کو صارف کے آئی پی ایڈریس کا اندازہ لگانے سے روکنے کے لیے لنک پریویو کو غیر فعال کرنا۔ تینوں فیچرز آپشنز ہیں اور صارف کے ذریعے اپنے سمارٹ فون پر مینوئلی ان کا فعال ہونا ضروری ہے۔

شیئر: