Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دبئی میں سمارٹ ٹریفک سگنلز سسٹم کی نمائش، یہ کیسے کام کرے گا؟

یورپی یونین کے پویلین میں سمارٹ گاڑیوں کے ماڈلز کو پیش کیا گیا (فوٹو: امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات دبئی میں انٹرنیشنل سمارٹ ٹرانسپورٹیشن سسٹم کانفرنس و نمائش میں ٹرانسپورٹیشن سیکٹر کے لیے سلامتی کے ضوابط کو مزید محفوظ تر بنانے کے لیے جدید ترین وسائل استعمال کرنے کے حوالے سے متعدد عالمی کمپنیوں نے جدید ٹیکنالوجی پر مبنی اپنے تجربات پیش کیے۔
امارات الیوم  کے مطابق ٹریفک سیفٹی ضوابط کے حوالے سے عالمی ماہرین نے مستقبل کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے خود کار طریقے سے چلنے والی گاڑیوں کے سسٹم پر روشنی ڈالتے ہوئے انہیں محفوظ تربنانے کے لیے سمارٹ ٹریفک سگنلز کی اہمیت کواجاگر کیا جو آٹو میشن ٹیکنالوجی کے ذریعے ٹریفک کو کنٹرول کرنے کی صلاحیت کے حامل ہوں گے۔
سمارٹ ٹریفک کنٹرولنگ سسٹم کی نمائش میں سب سے زیادہ توجہ سمارٹ ٹریفک سگنلز سسٹم پر دی گئی جو جدید اور انتہائی حساس کیمروں سے لیس ہوں گے۔ سمارٹ ٹریفک سگنلز خود کار گاڑیوں کو کنٹرول کرنے اور انہیں درست کمانڈ دینے کی صلاحیت کے حامل ہیں۔
نمائش میں یورپی یونین کے پویلین میں سمارٹ گاڑیوں کے ماڈلز کو پیش کیا گیا جو آسٹریا میں استعمال کی جارہی ہیں۔
ان گاڑیوں میں سوار ہونے والوں کو یہ سہولت ہوتی ہے کہ وہ اپنی منزل کا تعین کریں اور محفوظ ڈرائیونگ کے جدید تجربے سے لطف اندوز ہوں۔
ناروے پویلین میں پبلک ٹرانسپورٹ  کے لیے استعمال ہونے والی ایپلیکیشن کے طریقے کو واضح کیا گیا جس کے ذریعے عوامی ٹرانسپورٹ کے لیے ٹکٹوں کی خریداری و ادائیگی سے لے کربس اسٹاپس کا تعین شامل تھا۔
نمائش میں امریکی کمپنی کے ڈائریکٹر برائے مشرق وسطی و شمالی افریقی کے بتایا کہ ان کی کمپنی نے ایسے سمارٹ ٹریفک سگنلز متعارف کرائے ہیں جو انتہائی حساس نیٹ ورک سسٹم سے منسلک ہیں۔
ان سگنلز کی خوبی یہ ہے کہ ان میں نصب کیمرے اس سمت کا تعین کرتے ہیں جہاں ٹریفک ازدحام زیادہ ہوتا ہے اور اس جانب کے گرین سگنل کا دورانیہ خود کارانداز میں بڑھ جاتا ہے اس کا مقصد ازدحام کو کنٹرول کرنا ہے۔

شیئر: