دبئی میں پہلے فضائی ٹیکسی سٹیشن کے تعمیراتی منصوبے کا آغاز
جمعرات 19 ستمبر 2024 0:06
سٹیشن کا باقاعدہ افتتاح 2026 کی پہلی سہ ماہی میں کیا جائے گا (فوٹو: امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات میں دبئی مواصلات اور روڈ اتھارٹی کا کہنا ہے’ پہلے فضائی ٹیکسی سٹیشن کی تعمیر کے منصوبے پرکام شروع کردیا گیا‘۔
فضائی ٹیکسی سٹیشن کا باقاعدہ افتتاح سال 2026 کی پہلی سہ ماہی میں کیا جائے گا۔
امارات الیوم کے مطابق فضائی ٹیکسی سروس سے متعلق کمپنی ’جوبی‘ کا کہنا ہے’ فضائی ٹیکسی سروس سے نئے دور کا آغاز ہو گا جو تحفظ ماحولیات کے حوالے سے بھی بہتر ہو گی‘۔
دبئی ٹرانسپورٹ اینڈ روڈ اتھارٹی کے ڈائریکٹر خالد العوضی نے بتایا’ فضائی ٹیکسی سروس کے حوالے سے مزید سٹیشنز کی تعمیر کے مقامات کا بھی جلد اعلان کیا جائے گا‘۔
انہوں نے کہا ’منصوبے کے مطابق دبئی کے مختلف علاقوں میں چار فضائی ٹیکسی اسٹیشنز تعمیر کیے جائیں گے۔ فضائی ٹیکسی سروس کو بڑے ہوٹلوں، ایئرپورٹس اور سیاحتی مقامات کے روٹس پراستعمال کیا جائے گا‘۔
فضائی ٹیکسی سروس کے منصوبے سے منسلک کمپنی کی تیار کردہ ائیرٹیکسی چار سیٹوں والی اوررفتار 320 کلو میٹر فی گھنٹہ تک ہو گی۔ ٹیکسی کے 6 پنکھے ہوں گے جبکہ چار بیٹریاں اس میں فٹ ہوں گی جو 161 کلو میٹر تک کی مسافت طے کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
ائیرٹیکسی کا ٹیک آف اور لینڈنگ عمودی ہوگا جس کے لیے روایتی رن ویز کے ضرورت نہیں ہوگی جو عام مقامات پر بھی لینڈ کرسکتی ہیں۔
ائیرٹیکسی کے ذریعے جمیرا بیچ سے ایئرپورٹ تک 10 منٹ میں پہنچ سکتے ہیں جو عام طورپر زمینی ٹیکسی سے 45 منٹ کی مسافت ہے۔