سعودی قیادت کو عرب اور خلیجی رہنماؤں کی طرف سے یوم الوطنی کی مبارکباد
اتوار 22 ستمبر 2024 15:43
سعودی عرب کے لیے مزید ترقی و کامرانی کی امید ظاہر کی گئی۔ ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی قیادت کو بحرین کے فرمانروا شاہ حمد بن عیسی آل خلیفہ، اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ ثانی، عمان کے فرمانروا سلطان ہیثم بن طارق، امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی اور امیر کویت شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح نے یوم الاوطنی پر مبارکباد دی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق بحرین کے فرمانروا شاہ حمد بن عیسی آل خلیفہ نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کو تہنیتی پیغام روانہ کیا ہے۔
اپنے پیغام میں سعودی عرب کے ساتھ برادرانہ تاریخی تعلقات کو مثالی قرار دیتے ہوئے سعودی عرب کے لیے مزید ترقی و کامرانی کی امید ظاہر کی ہے۔
بحرین کے ولی عہد شہزادہ سلمان بن حمد آل خلیفہ نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو تہنیتی مکتوب روانہ کرتے ہوئے یوم الوطنی کی مبارکباد دی ہے۔
امیر کویت نے اپنے پیغام میں سعودی عرب اور کویت کے درمیان مضبوط اور تاریخی تعلقات کا ذکر کیا جو دونوں ملکوں اور ان کے عوام کو پر سطح پر متحد رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا’ شاہ سلمان کے دور میں مملکت کی شاندار ترقی اور کامیابیوں پر سب کےلیے باعث فخر ہیں‘۔
کویتی ولی عہد شیخ صباح خالد الحمد الصباح نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو یوم الاوطنی پر مبارکباد کا پیغام بھیجا ہے۔
اردن و عمان کے فرمانروا اور امیر قطر نے اپنے پیغام میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی اچھی صحت، خوشی، درازی عمر، سعودی عوام کی مسلسل ترقی اور خوشحالی کےلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
قطر کے نائب امیر، وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم آل ثانی نے بھی شاہ سلمان اور ولی عہد کو مبارکباد دی ہے۔