خیبرپختونخوا: لوئر دیر میں گہرے کنویں میں گرنے والا کتا 15 دن تک کیسے زندہ رہا؟
خیبرپختونخوا: لوئر دیر میں گہرے کنویں میں گرنے والا کتا 15 دن تک کیسے زندہ رہا؟
پیر 23 ستمبر 2024 15:52
فیاض احمد، اردو نیوز۔ پشاور
کتا 80 فٹ گہرے اور خستہ حال کنویں میں گر گیا تھا (فوٹو: ریسکیو 1122)
پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع لوئر دیر کے علاقے میدان میں 80 فٹ گہرے کنویں میں گر جانے والے ایک کتے کو 15 دن بعد ریسکیو کی ٹیم نے بحفاظت نکال لیا ہے۔
یہ واقعہ آٹھ ستمبر کو پیش آیا تھا۔ مقامی افراد نے اس واقعے کی اطلاع ملنے پر کنویں سے کتے کو نکالنے کوشش کی مگر کنواں گہرا ہونے کے باعث یہ ممکن نہ ہوسکا تاہم کنواں خشک ہونے کے باعث کتا نیچے گرنے کے بعد بھی زندہ تھا۔
مقامی نوجوان عبیداللہ نے اردو نیوز کو بتایا کہ مقامی افراد نے کتے کو زندہ رکھنے کے لیے کنویں میں خوراک ڈالنا شروع کی جس کی وجہ سے یہ کتا 15 دن تک زندہ رہا۔
انہوں نے بتایا کہ ’گاؤں کے افراد بلاناغہ کنویں میں موجود کتے کو کھانا پہنچاتے رہے، اس عمل میں بچے پیش پیش رہے۔ تمام افراد کی یہی کوشش تھی کہ کتا بھوک سے نہ مرے۔‘
عبیداللہ کا کہنا تھا ’شابیکے نام کا یہ علاقہ دُورافتادہ ہونے کی وجہ سے ریسکیو سروسز سے رابطے میں مشکلات پیش آئیں۔‘
انہوں نے بتایا کہ مقامی افراد کی جانب سے سوشل میڈیا پر کتے سے متعلق پوسٹ کی گئی جو بالآخر ریسکیو 1122 کے افسران تک پہنچی۔ یہ اطلاع ملتے ہی ریسکیو آپریشن کے لیے ریسکیو ٹیم اس مقام تک پہنچ گئی۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ثناء اللہ کے مطابق ریسکیو 1122 کو اطلاع ملتے ہی ریسکیو کی پروفیشنل ٹیم روانہ کی گئی۔ کنواں کافی خستہ حال تھا، اسی لیے ریسکیو آپریشن خطرے سے خالی نہ تھا۔
انہوں نے بتایا کہ ’کتے کی جان بچانے کے لیے ریسکیو کی ٹیم نے پیشہ ورانہ انداز میں آپریشن شروع کیا اور 80 فٹ گہرے کنویں میں اتر گئے۔
ریسکیو انچارج کے مطابق ایک گھنٹے کے مشکل ریسکیو آپریشن کے بعد کتے کو بحفاظت نکال لیا گیا۔
کتے کو نکالنے کے بعد طبی امداد دی گئی۔
ریسکیو آپریشن کے دوران محکمہ وائلڈ لائف کے اہلکار بھی موجود تھے۔ کامیاب ریسکیو آپریشن کے بعد علاقہ مکینوں نے ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کا شکریہ ادا کیا۔
مقامی پولیس نے مقامی رہائشیوں کے جذبے کو سراہا جنہوں نے کنویں میں پھنسے جانور کو کھانا پہنچا کر اسے زندہ رکھا ورنہ کتے کا زندہ بچنا ناممکن تھا۔