Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان آذربائیجان کو جے ایف 17 تھنڈر لڑاکا طیارے فروخت کرے گا: آئی ایس پی آر

جے ایف 17 تھنڈر جنگی کارروائیوں میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے (فائل فوٹو: آئی ایس پی آر)
پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دفاعی تعاون کو فروغ دینے کے سلسلے میں آزربائیجان کو جے ایف 17 بلاک تھری فائٹر طیاروں کی فروخت کا معاہدہ ہوا ہے۔
پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے جمعرات کو جاری کردہ بیان مطابق اس ڈیل کا مقصد آذربائیجان کی فضائی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران انہیں جی ایف 17 تھنڈر بلاک تھری کی صلاحیتوں اور متنوع مقاصد کے لیے اس طیارے کے استعمال سے متعلق بریفنگ دی گئی تھی۔
صدر الہام علیوف کے دورے کے بعد حکومت آذربائیجان کی درخواست پر پاکستان نے اپنی فضائیہ کا ایک خصوصی دستہ باکو میں اے ڈی ای ایکس 2024 میں شرکت کے لیےبھیجا تھا جس میں پاکستان کی فضائیہ کی جانب سے اپنی صلاحیتوں کے مظاہرے کے ساتھ ساتھ اور پاکستان کے جے ایف تھنڈر بلاک تھری کی نمائش بھی کی گئی۔
اس دوران جے ایف 17 تھنڈر نے پی اے ایف ملٹی رول ٹینکر ٹرانسپورٹ (ایم آر ٹی ٹی) طیارے سے ایئر ٹو ایئر ری فیولنگ کا مظاہرہ بھی کیا۔
اس موقعے پر صدر الہام علیوف نے جے ایف 17 تھنڈر بلاک تھری کے ڈسپلے کا دورہ کیا اور بعد میں اس لڑاکا طیارے کے ایک دلکش فضائی مظاہرے کا مشاہدہ کیا۔
جے ایف 17 تھنڈر بلاک تھری ایک اے ای ایس اے ریڈار اور لانگ رینج بی وی آر سے لیس چار اعشاریہ پانچ جنریشن کا کثیرالمقاصد لڑاکا طیارہ ہے جو جنگی کارروائیوں میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
اس لڑاکا طیارے کے اضافے کے بعد آذربائیجان کی قومی سلامتی مزید مضبوط ہو گی۔
آذربائیجان کے صدر  الہام علیوف نے کہا کہ پاکستان کی طرف سے فراہم کردہ حمایت پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان موجودہ فوجی تعاون کو مضبوط بنانے، قریبی دفاعی تعاون کو فروغ دینے اور دونوں ممالک کے درمیان گرمجوش برادرانہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

شیئر: