جدہ : واٹر بائیک سے سمندر میں گرنے والے نوجوان کو بچا لیا گیا
جمعرات 26 ستمبر 2024 19:45
سمندری تفریح کے لیے حفاظتی ضوابط پر عمل کرنا ضروری ہے (فوٹو، ایکس اکاونٹ )
کوسٹ گارڈ نے سمندر میں آبی اسکوٹرسے گرنے والے نوجوان کو بحفاظت ہسپتال منتقل کردیا۔
سبق نیوز کے مطابق جدہ کورنیش پر موجود سمندری تفریح گاہ میں ایک نوجوان واٹربائیک سے گرگیا جس کی اطلاع ملتے ہی قریب ترین کوسٹ گارڈ کی ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔
امدادی ٹیم نے فوری مداخلت کرتے ہوئے واٹر بائیک سے گرنے والے نوجوان کو ڈوبنے سے بچالیا۔ کوسٹ گارڈ کے طبی یونٹ نے نوجوان کا معائنہ کیا بعدازاں اسے ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں اس کی حالت قدرے بہتر بتائی جارہی ہے۔
اس ضمن میں کوسٹ گارڈ کا کہنا تھا کہ تفریح کے لیے آنے والے سمندری سلامتی کے ضوابط پر سختی سے عمل کریں۔ کشتی یا آبی اسکوٹر میں سوار ہونے سے قبل حفاظتی جیکٹ ضرور استعمال کریں ۔ کشتی رانی کے مقررہ اصولوں کے مطابق بچوں کا خاص خیال رکھیں ۔
واضح رہے سمندری امدادی رابطے کے لیے مکہ اور مشرقی ریجن میں 911 جبکہ مملکت کے دیگر علاقوں کے لیے 994 ٹول فری نمبر مخصوص ہیں جن پر کسی بھی ہنگامی صورت میں رابطہ کیا جاسکتا ہے۔