Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غیرقانونی افراد کے خلاف کوسٹ گارڈ کی آگاہی مہم

کوسٹ گارڈ نے دراندازوں سے ہونے والے نقصانات کو اجاگر کیا ہے(فوٹو ، ایس پی )
ڈائریکٹریٹ جنرل آف کوسٹ گارڈ نے مکہ مکرمہ ریجن میں قانون شکنی کے خلاف آگاہی مہم شروع کی  ہے۔ جدہ کے ریڈ سی مال میں اس حوالے سے آگاہی کیمپ لگایا گیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق آگاہی کیمپ کو ’وطن بلا مخالف‘ یعنی غیرقانونی افراد سے صاف وطن کا عنوان دیا گیا ہے ۔
آگاہی مہم کا آغاز 12 ستمبر سے کیا گیا ہے جو 16 ستمبر 2024 تک جاری رہے گی۔ کوسٹ گارڈ کی جانب سے لگائے گئے اسٹال پر آنے والوں کو مملکت کے رہائشی قوانین کی اہمیت سے آگاہ کیا جارہا ہے علاوہ ازیں سرحدی اور اقامہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے مخالفین کی مملکت میں موجودگی کے نقصانات کے حوالے سے معلومات فراہم کی جاتی ہیں۔
غیرقانونی طورپر سرحد عبور کرکے آنے والوں کی وجہ سے جہاں مملکت کا امن و امان متاثر ہوتا ہے وہاں انواع و اقسام کے جرائم بھی پھیلتے ہیں جبکہ منشیات فروشی میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔
شروع کی جانے والی مہم وزارت داخلہ کی جانب سے آگاہی فراہم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے جس کا مقصد غیرقانونی طورپر سرحد عبور کرنے والے دراندازوں کو پناہ دینے والوں کو یاددہانی کرانا ہے کہ ایسا کرنا قانون شکنی ہے جس پر قید و جرمانے کی سزا مقرر ہے ۔

جدہ کے ریڈ سی مال میں جاری آگاہی مہم 16 ستمبر تک جاری رہے گی (فوٹو، ایس پی اے)

وزارت کے ضوابط کے مطابق درانداز کو پناہ یا روزگار دینے یا انہیں ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے پر15 برس قید اور 10 لاکھ ریال تک جرمانہ مقرر ہے علاوہ ازیں ایسا کرنے والے کا وہ مکان جس میں درانداز کو پناہ دی گئی ہو یا گاڑی جس کے ذریعے اسے ایک مقام سے دوسری جگہ منتقل کیا گیا ہوگا وہ بھی بحق سرکار ضبط کر لی جائے گی۔
کوسٹ گارڈ کی جانب سے مہم کو کامیاب بنانے کےلیے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اقامہ یا سرحدی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے بارے میں علم ہو تو اسکی اطلاع 911 ٹول فری نمبر پر دی جائے۔

شیئر: