آرمی چیف کی معاشی بحالی کے لیے سعودی عرب، چین اور امارات کی تعریف
25 ستمبر کو عالمی مالیاتی فنڈ نے پاکستان کے لیے سات ارب ڈالر بیل آؤٹ پیکج کی منظوری دی تھی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے سعودی عرب، چین اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے معاشی بحالی کے لیے متعدد شعبوں میں تعاون کو سراہا ہے۔
خیال رہے ان کا یہ بیان عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی جانب سے پاکستان کے لیے سات ارب ڈالر کی منظوری کے کچھ دن بعد سامنے آیا ہے۔
جمعے کو آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کراچی کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے کاروباری شخصیات سے ملاقات کی اور آپریشنل تیاریوں اور اہم تربیتی اقدامات کا جائزہ لیا۔
25 ستمبر کو عالمی مالیاتی فنڈ نے پاکستان کے لیے سات ارب ڈالر بیل آؤٹ پیکج کی منظوری دی تھی جس کی پہلی قسط جاری کر دی گئی ہے۔
حکومت پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان سات ارب ڈالرز کے قرض کے حصول کے لیے سٹاف لیول معاہدہ جولائی 2024 میں طے ہو گیا تھا۔
سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق ’آرمی چیف نے برادر اور دوست ممالک بالخصوص چین، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان کی معاشی بحالی میں متعدد شعبوں میں تعاون کو سراہا۔‘
انہوں نے ملک کی اقتصادی ترقی میں کاروباری برادری اور تاجروں کے تعاون کو بھی سراہا۔