Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض: بین الاقوامی کتاب میلے میں نایاب مخطوطات کی نمائش

نایاب خزانوں میں ایک 1009 ہجری کا قرآن کریم کا نسخہ موجود ہے۔ فوٹو عرب نیوز
ریاض میں جاری 2024 کے بین الاقوامی کتاب میلے کے کنگ فہد نیشنل لائبریری پویلین میں آنے والوں کو چھ نادر تاریخی مخطوطات کے مجموعے نے مسحور کر دیا۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے کے  مطابق نمائش میں رکھے گئے نایاب خزانوں میں ایک 1009 ہجری کا قرآن کریم کا نسخہ ہے جس کے حاشیے میں فارسی تفسیر درج ہے۔
بین الاقوامی کتاب میلے میں دیگر نایاب تغروں میں ایک عبرانی طومار اور ابن القیم الجوزیہ کی 1274 ہجری کی ’الکفایہ الشافیہ‘ کا ایک نسخہ رکھا گیا ہے۔
کنگ فہد نیشنل لائبریری 1983 میں اپنے قیام کے بعد سے دانشورانوں کی تخلیقات کو ڈھونڈنے، منظم کرنے، محفوظ کرنے اور ان کی ترویج کے لیے خدمات پیش کر رہی ہے۔
سعودی عرب کے اس قومی ادارے میں اس وقت 6000 سے زیادہ نادر مخطوطات اپنی اصل حالت میں موجود ہیں۔
کنگ فہد لائبریری کے بک فیئر پویلین میں کئی حصے موجود ہیں جو لائبریری کے منفرد کام اور خدمات کو نمایاں کرتے ہیں۔
مخطوطات اور نایاب کتابوں کے حصے میں ثقافتی اور فکری اشاعتوں کی رجسٹریشن کا حصہ سعودی فکری اور ثقافتی ورثے کو دستاویزی بنانے اور محفوظ کرنے کے لیے لائبریری کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔
یہاں موجود انٹرایکٹو سکرین سیکشن زائرین کو لائبریری کی خدمات اور سرگرمیوں کے بارے میں معلوماتی ویڈیوز فراہم کرتا ہے۔

 ’ریاض ریڈز‘ کے عنوان سے کتاب میلہ 5 اکتوبر تک جاری رہے گا۔ فوٹو واس

دریں اثناء رائل انسٹی ٹیوٹ آف ٹریڈیشنل آرٹس پویلین میں آرٹ فارم  قومی ورثہ ہے جو دستکاری کا ہنر نسل در نسل منتقل کرتا ہے یہاں السدو کے روایتی فن اور ریسرچ کے بارے میں معلومات مہیا کی گئی ہیں۔
اس پویلین میں آنے والے زائرین کو السدو کی تیاری میں کام آنے والے ٹولز اور تکنیک کے طریقہ کار سے آگاہی کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔
خاص قسم کے رنگ برنگے روایتی کپڑے’السدو‘ کی بُنائی کے مراحل کی ویڈیو نمائش میں اس کی تیاری کے مراحل کا جائزہ لیا گیا ہے۔
اس نمائش کا مقصد مقامی دستکاری کی ثقافتی قدر کو اجاگر کرتے ہوئے بین الاقوامی زائرین کے لیے سعودی قومی تشخص کو بڑھانا ہے۔

سدو کے روایتی فن کے بارے میں معلومات مہیا کی گئی ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

بین الاقوامی کتاب میلے کا اہتمام لٹریچر، پبلشنگ اینڈ ٹرانسلیشن کمیشن کے تحت کیا گیا ہے جہاں مہمانوں کے لیے جدید تکنیکی خدمات متعارف کرائی گئی ہیں۔
کتاب میلے میں متعدد زبانوں میں بات چیت کے لیے آرٹیفیشل انٹیلی جنس روبوٹ اہم کردار ادا کرنے کے لیے موجود ہیں۔
آرٹیفیشل انٹیلی جنس سے منسلک روبوٹ زائرین کو یہاں موجود مختلف پویلین کے بارے میں رہنمائی کرتے ہیں اس کے علاوہ پبلشنگ ہاؤسز اور مخصوص کتابیں تلاش کرنے میں ان کی مدد کے ساتھ اہم موضوعات اور مواد سے متعلق آڈیو خلاصے پیش کرتے ہیں۔
کتاب میلے میں موجود متعدد پویلین میں زائرین کو طلب کے مطابق کہانیاں اور دیگر مواد پرنٹنگ کرنے کے آلات بھی رکھے گئے ہیں جہاں ضرورت کے مطابق دستاویز کی اشاعت کرائی جا سکتی ہے۔

قومی ادارے میں 6000 سے زیادہ نادر مخطوطات اصل حالت میں موجود ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

ریاض کی کنگ سعود یونیورسٹی میں منعقد ہونے والا  ’ریاض ریڈز‘ کے عنوان سے بین الاقوامی کتاب میلہ 5 اکتوبر تک جاری رہے گا۔
کتاب میلے میں 800 سے زیادہ پویلین لگائے گئے ہیں جہاں 30 سے ​​زائد ممالک کے 2000 سے زیادہ اشاعتی ادارے اپنی مطبوعات پیش کر رہے ہیں۔
کتاب  میلے میں سعودی عرب کے علاوہ بین الاقوامی ثقافتی تنظیمیں اور ادارے حصہ لے رہے  ہیں جہاں پبلشرز، فکری اور ثقافتی تبادلے کے لیے  مملکت کے مصنفین، مفکرین اور ثقافتی لٹریچر کے شائقین کے لیے میٹنگ پوائنٹ کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔
کتاب میلے میں قطر مہمان خصوصی کے طور پر شریک ہے، قطر کے پویلین پر آنے والے زائرین کو بھرپور ثقافتی معلومات مہیا کی جاتی ہیں جو ادبی اور فکری کامیابیوں، ثقافتی ورثے، تاریخ اور دیگر فنون سے متعلق ہیں۔
 

شیئر: