Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’طویل جنگ کے لیے تیار ہیں‘ ، حسن نصراللہ کے بعد حزب اللہ کے نائب سربراہ کا پہلا خطاب

حسن نصراللہ کی موت کے چوتھے دن ان کے نائب کی جانب سے یہ خطاب کیا گیا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
لبنان میں عسکریت پسند تنظیم حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کی اسرائیلی حملے میں موت کے بعد ان کے نائب نعیم قاسم پہلی مرتبہ میڈیا کے سامنے آئے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق حزب اللہ کے نائب سربراہ نعیم قاسم کا خطاب پیر کو ٹیلی وژن پر نشر ہوا جس میں انہوں نے لبنانی عوام کو یقین دلایا کہ ’فتح ہماری ہی ہو گی لیکن ہمیں کچھ صبر سے کام لینا ہو گا۔‘
نعیم قاسم نے اپنی پہلی تقریر میں لڑائی جاری رکھنے کا عندیہ ظاہر کیا اور کہا کہ حزب اللہ طویل جنگ کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ تنظیم کے داخلی نظم کے مطابق سکریٹری جنرل کا انتخاب کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ حسن نصراللہ کی موت کے چوتھے دن ان کے نائب کی جانب سے یہ خطاب کیا گیا ہے۔
نعیم قاسم نے کہا کہ گزشتہ مہینوں کے دوران حزب اللہ کے اعلیٰ کمانڈرز کے قتل کے باوجود اب ہم نئے عسکری کمانڈرز پر انحصار کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’اسرائیل ہماری (عسکری) صلاحیتوں کو متاثر نہیں کر سکتا۔ اب ڈپٹی کمانڈر کام کر رہے ہیں۔ اگر کوئی کمانڈر زخمی ہوتا ہے تو اس کی جگہ نیا کمانڈر تعینات کر دیا جاتا ہے۔‘
اسرائیل نے حالیہ دنوں میں لبنان کے خلاف اپنے حملوں میں تیزی لائی ہے اور گزشتہ دو ہفتوں میں فضائی بمباری میں حزب اللہ کے کئی اعلیٰ عہدے داروں کو نشانہ بنایا ہے۔
نعیم قاسم نے مزید کہا کہ ’اگر اسرائیل زمین پر جارحیت کا آغاز کرے گا تو حزب اللہ کے جنگجو لڑائی اور لبنان کے دفاع کے لیے تیار ہیں۔‘

شیئر: