Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ٹی آئی کا احتجاج، راولپنڈی، سرگودھا اور اٹک میں دفعہ 144 نافذ

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ’اپوزیشن جماعتوں سے کہوں گا کہ ’اپنے احتجاج اور اندرونی اختلافات کو کانفرنس کے دوران ختم کر دیں۔‘ (فائل فوٹو: آئی این پی)
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ڈی چوک پر پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے پیش نظر پنجاب حکومت نے راولپنڈی، سرگودھا اور اٹک میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔
جمعرات کو پنجاب کے محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق دفعہ 144 4 سے 6 اکتوبر تک نافذ العمل ہوگی۔ اور کسی کو بھی جلسے، جلوس کی اجازت نہیں ہو گی۔

--------------------------------------------------------------------------------

شنگھائی تعاون تنظیم کے پیش نظر آئینی ترمیم کا بِل مؤخر کر دیا جائے: مولانا فضل الرحمان

جمیعت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے پیش نظر آئینی ترمیم کا بِل مؤخر کر دیا جائے۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے جمیعت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ’اسلام آباد میں ایس سی او کے اجلاس میں شرکت کے لیے آنے والے مندوبین کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ کانفرنس تک ہمیں اپنے اختلافات بھلا دینے چاہییں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اپوزیشن جماعتوں سے کہوں گا کہ اپنے احتجاج اور اندرونی اختلافات کو کانفرنس کے دوران ختم کر دیں۔‘
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ’آئینی ترامیم سے متعلق کہا گیا کہ اتوار کے دن ہی کرنا ہے ورنہ آسمان گر جائے گا۔ لیکن پیر کو آسمان تو چھوڑیں ایک ستارہ بھی نہیں گرا۔ ہمیں حیرت ہے کہ آئینی ترمیم کے لیے انہیں کس بات کی عجلت ہے۔ 18ویں ترمیم کے لیے ہم نے 9 ماہ سوچ بچار کی تھی۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ئینی ترمیم کے لیے ہم حکومت کے ساتھ پلس ہونے کے لیے آمادہ نہیں۔ یہ بل اپنی تفصیلات میں اس قابل نہیں کہ اسے پاس کیا جائے۔ اتفاق رائے ہو جاتا ہے تو اچھی بات ہے لیکن بظاہر اتفاق رائے نظر نہیں آتا۔‘

-------------------------------------------------------------------------------

حملے کی خبر غلط، میں تو پاکستان میں ہی نہیں، اسد قیصر

سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ اُن پر حملے کی خبریں درست نہیں۔
جمعرات کو سوشل میڈیا پر خبر گردش کر رہی تھیں کہ اسد قیصر پر صوابی انٹرچینج کے قریب حملہ ہوا ہے جس میں ان کے ڈرائیور زخمی ہوئے۔
اسد قیصر نے اردو نیوز کے نامہ نگار ادیب یوسفزئی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’میں تو ملک میں ہی نہیں ہوں۔ آئندہ دو دنوں میں واپسی ہو گی۔ میرے متعلق پھیلائی جانے والی خبریں جھوٹ ہیں۔ مجھ پر کوئی حملہ نہیں ہوا۔ ان دنوں انگلینڈ میں ہوں۔‘

ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم اسلام آباد پہنچ گئے

ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم پاکستان کے دورے پر پہنچے ہیں۔
جمعرات کی صبح اسلام آباد پہنچنے پر وزیراعظم شہباز شریف نے ملائیشیا کے وزیراعظم کا استقبال کیا۔
انور ابراہیم کو وزیراعظم ہاؤس میں گارڈ آف آںر پیش کیا گیا۔ اس موقع پر دونوں ملکوں کے ترانے بھی بجائے گئے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ملائیشیا کے وزیراعظم کا اپنی کابینہ کے ارکان سے تعارف کرایا۔
اس دورے میں دونوں رہنماؤں کے مابین دوطرفہ ملاقات کے ساتھ ساتھ وفود کی سطح پر ملاقات اور پاکستان ملائیشیا دوطرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے مفاہمتی یادداشتوں و معاہدوں کا تبادلہ ہوگا۔

پنجاب میں دفعہ 144 نافذ کرنے کے خلاف درخواست پر

پنجاب میں دفعہ 144 نافذ کرنے کے خلاف درخواست پر لاہور ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی ہے۔
جسٹس احمد ندیم ارشد نے شہری ملک ناجی اللہ کی درخواست پر سماعت کے بعد صوبائی حکومت اور دیگر فریقوں کو نوٹس جاری کر دیے۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ دفعہ 144 کا نفاذ بنیادی حقوق کے خلاف ہے اور حکومت اس طرح سیاسی سرگرمیوں پر پابندی لگا رہی ہے۔
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ صوبائی حکومت اس قانون کا غلط استعمال کر رہی ہے۔

پرویز الہٰی، زارا الہٰی اور راسخ الہٰی کے حق میں فیصلہ

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے پرویز الٰہی، زارا الٰہی اور راسخ الہی کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے اُن کے نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کا حکم دیا ہے۔
عدالت میں درخواست گزاروں کی جانب سے ابوذر سلمان نیازی ایڈووکیٹ نے دلائل دیے۔
لاہور ہائیکورٹ نے ایف آئی اے رپورٹ کی روشنی میں درخواست نمٹاتے ہوئے پرویز الہی، زارا الہی اور راسخ الہی کے نام پی سی ایل سے نکالنے کی ہدایت کی۔

سابق صدر عارف علوی کی زیرِحراست یاسمین راشد سے ملاقات

سابق صدر عارف علوی کی ڈاکٹر یاسمین راشد اور میاں محمود الرشید سے عدالت میں ملاقات ہوئی ہے۔
جمعرات کو عارف علوی نے لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں دونوں زیرِحراست رہنماؤں سے ملاقات کی۔
عارف علوی نے یاسمین راشد اور میاں محمود الرشید کی خیریت دریافت کی۔ انہوں نے کہا کہ اب لوگوں کا ڈر ختم ہو چکا ہے۔
میانوالی میں کل جس طرح خواتین نکلی ہیں وہ تو کمال ہو گیا ہے۔‘
یاسمین راشد نے کہا کہ انہوں نے لوگوں پر ظلم ہی اتنا کیا ہے کہ اب لوگ جیلوں سے بھی نہیں ڈرتے۔

شیئر: