Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایپل اپنا سستا ترین آئی فون کب لانچ کرنے جا رہا ہے؟

یہ فون آئی فون 14 کی طرح کے ڈیزائن کا ہو سکتا ہے۔ (فوٹو: ایپل)
امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل آئی فون کی سستی ترین سیریز ’ایس ای‘ کا نیا اور چوتھا ماڈل جلد لانچ کرنے جا رہی ہے۔ 
ویب سائٹ دی ویرج کے مطابق بلوم برگ کے صحافی مارک گُرمین کا دعویٰ ہے کہ ایپل بڑی تبدیلوں کے ساتھ نیا آئی فون ایس ای 4  سال 2025 کے آغاز میں لانچ کرے گا۔
مارک گرمین کے مطابق اس نئے کم بجٹ آئی فون میں ٹچ آئی ڈی کو ختم کر کے فیس آئی ڈی متعارف کروائی جائے گی اور ساتھ ہی ساتھ ’ایپل انٹیلیجنس‘ یعنی ایپل کی مصنوعی ذہانت کی صلاحیتیں بھی موجود ہوں گی۔
نیا آئی فون ایس ای 4 اگر ایپل کی مصنوعی ذہانت کو استعمال کرے گا تو اس کی پرفارمنس کا معیار کافی اچھا ہوگا کیونکہ لوکل آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے فیچرز استعمال کرنے میں ریم کا استعمال بہت زیادہ ہوتا ہے۔
ایک اور اہم اور بڑی تبدیلی جو ایس ای 4 ماڈل میں کیے جانے کا امکان ہے وہ یہ ہے کہ اس میں ایپل کے فلیگ شپ فونز کی طرح فُل سکرین ڈسپلے دیا جائے گا اور یہ فون آئی فون 14 کے ڈیزائن کی طرح ہو سکتا ہے۔


آئی فون ایس ای 4 کا فرنٹ ڈسپلے آئی فون 14 سے ملتا جلتا ہو سکتا ہے (فوٹو: میک رؤمرز)

واضح رہے آئی فون ایس ای ایپل کی سب سے چھوٹی ڈیوائس ہے، جسے آئی فون 8 کے بعد بنایا گیا تھا۔ اس کی پیمائش 4.7 انچ ہے، اور یہ واحد ‌آئی فون ہے جس میں موٹے بیزلز اور ایک ‌ٹچ آئی ڈی ہوم بٹن شامل ہوتا ہے۔ 


ایپل کا موجودہ آئی فون ایس ای 3 کچھ ایسا دکھتا ہے (فوٹو: ایپل سپورٹ)

تاہم اب یہ امکان ہے کہ آئی فون ایس ای کے نئے ماڈل میں فل سکرین آنے سے ‌ٹچ آئی ڈی‌ ہوم بٹن ختم ہو جائے گا، جس کی جگہ فیس آئی ڈی لے لے گی۔ ساتھ ہی ساتھ اس نئے ڈسپلے کی پیمائش 6.06 انچ تک ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ابھی تک کی معلومات کے مطابق آئی فون ایس ای فور میں معمول کے مطابق استعمال کی جانے والی ایل سی ڈی کی جگہ او لیڈ سکرین لگائی جائے گی۔
ویب سائٹ میک رؤمرز کے مطابق اگر کیمرہ کی بات کی جائے تو ایس ای 4 ماڈل میں 12 کی بجائے 48 میگا پکسل کا سنگل بیک کیمرہ شامل ہونے کا امکان ہے۔ 


یہ ڈیزائن حتمی نہیں ہے، اب تک کی موصول ہونے والی معلومات کے حساب سے تصویری حالت میں ڈھالا گیا ہے (فوٹو: 91 موبائلز/ میک رؤمرز) 

ممکنہ طور پر ایپل کی مصنوعی ذہانت سے لیس اس نئے ماڈل میں ایپل کی اے 18 چپ شامل کی جا سکتی ہے اور اس فون کی ریم 8 جی بی تک ہوگی۔
دوسری جانب نیا آئی فون ایس ای 4 فائیو جی موڈیم چپ کے ساتھ آئے گا اور اس میں 3279 ایم اے ایچ کی بیٹری دیے جانے کا امکان ہے۔ 
اس فون کی قیمت کا ذکر کیا جائے تو ابتدائی قیمت 429 امریکی ڈالر سے شروع ہو سکتی ہے۔ 

شیئر: