سعودی عرب کے سمندری ماحولیاتی نظام کا سیاحت میں کردار
سعودی عرب کے سمندری ماحولیاتی نظام کا سیاحت میں کردار
ہفتہ 5 اکتوبر 2024 20:40
بحیرہ احمر کا مغربی ساحل مچھلیوں کی ہزار اقسام کے باعث شہرت رکھتا ہے۔ فوٹو ریڈ سی گلوبل
سعودی عرب میں بحیرہ احمر کا ساحلی علاقہ سمندری ماحولیاتی نظام کے ساتھ ماہی گیری اور سیاحت کی بڑھتی ہوئی صنعت کو فروغ دے رہا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق بحیرہ احمر اہم سمندری حیات کی میزبانی کرتا ہے جس کے علاوہ یہاں مرجان کی چٹانیں، سمندری گھاس کے ذخائر اور مینگروو کے جنگلات موجود ہیں۔
مملکت میں اس قدرتی ورثے کے تحفظ اور وسعت کے لیے وسیع تر اقدامات کئے جا رہے ہیں، موسمیاتی تبدیلیوں اور انسانی سرگرمیوں کے بڑھتے ہوئے اثرات کے پیش نظر ماحولیاتی نظام کی حفاظت قومی ترجیح بن گئی ہے۔
مملکت میں بحیرہ احمر کا ساحلی علاقہ مچھلیوں کی ہزار سے زائد اقسام اور مرحان کی 265 اقسام کے باعث خاص شہرت رکھتا ہے جو نہ صرف ماحولیاتی نظام اور مقامی معاش کے لیے اہم ہے بلکہ دنیا کے خوبصورت ساحلی خطوں میں سے ایک ہے۔
ریڈ سی گلوبل گروپ میں ماحولیات کے چیف افسر رائد البسیط کا کہنا ہے بحیرہ احمر کے ساحلی ماحولیاتی نظام میں مرجان کی چٹانیں، سمندری گھاس اور مینگرووز اقتصادی، سماجی اور ثقافتی اقدار میں اہم حیثیت رکھتے ہیں۔
یہ ماحولیاتی نظام معاشی طور پر مقامی ماہی گیری، سیاحت اور ساحلی تحفظ کے لیے ضروری ہیں جو مقامی معاش کو سہارا دینے اور آمدن میں اضافے کے لیے کلیدی کردار ادا کرتے ہیں جو مملکت کی بڑھتی ہوئی معیشت کا اہم حصہ ہے۔
سماجی طور پر یہ ماحولیاتی نظام خوراک کی حفاظت، روزگار کے مواقع اور مقامی کمیونٹیز کے لیے غوطہ خوری کے تفریحی مقامات فراہم کرتا ہے۔
بحیرہ احمر کا سمندری حیاتیاتی نظام ثقافتی طور پر مملکت کے ورثے میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے جو ماحولیاتی سیاحت کو فروغ دے رہا ہے اور سیاحوں کو منفرد قدرتی ماحول میں وقت گزارنے کا موقع مہیا کرتا ہے۔
بحیرہ احمر میں مرجان کی چٹانوں کی نمایاں خصوصیت تیز درجہ حرارت برداشت کرنے کی صلاحیت ہے، یہ ایسی خوبی ہے جو موسم گرما میں سمندری چٹانوں کی حفاظت کے لیے عالمی کوششوں کو امید فراہم کرتی ہے۔
مختلف سمندری علاقوں میں درجہ حرارت بڑھنے کی وجہ سے مرجان کی چٹانیں مسائل کا شکار ہوتی ہیں جب کہ شمالی بحیرہ احمر میں موجود یہ چٹانیں اس کے برعکس غیر معمولی گرمی برداشت کرتی ہیں۔
سمندری سائنس دان خاص طور پر ان مرجانوں کا مطالعہ کرکے یہ معلوم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ گرم موسم میں یہ کیسے پروان چڑھتی ہیں اور ایسی خصوصیات کسی اور جگہ کی کمزور چٹانوں پر کیسے لاگو ہو سکتی ہیں۔
مملکت میں بحیرہ احمر کا ساحل نیلگوں اور فیروزی پانی کے ساتھ مرجان کی چٹانوں کے باعث ماحول دوست سیاحت کے لیے بے پناہ امکانات روشن کر رہا ہے جو کہ غوطہ خوروں، محققین اور فطرت سے محبت کرنے والوں کے لیے یکساں ہیں۔
سمندری حیاتیات کا تحفظ ماحولیاتی سیاحت اور سمندری تحفظ کے ساتھ ساتھ سیاحوں کے لیے پُرکشش مقامات کو محفوظ رکھنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
سعودی وژن 2030 کے ایجنڈے میں مرکزی حیثیت رکھنے والی ریڈ سی گلوبل کمپنی سمندری تحفظ کے لیے مملکت کے عزم کی روشن مثال ہے جو پائیدار لگژری سیاحتی منصوبوں کی ترقی کی رہنمائی کر رہی ہے۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں