Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گدھا گاڑی چلانے والا ’مزدور ڈاکو‘ پشاور پولیس نے کیسے گرفتار کیا؟

پولیس نے بتایا کہ ملزم کو دو سال قبل سے ڈی پورٹ کیا گیا تھا (فائل فوٹو: ویڈیو گریب)
خیبر پختونخوا کے شہر پشاور کی پولیس نے شہر میں تاجروں کو لوٹنے والے ایک ڈاکو گرفتار کیا ہے جو پہلے گدھا گاڑی چلاتا تھا اور وہ بیرون ملک بھی وارداتیں کر چکا ہے۔ 
پشاور پولیس کے مطابق 5 اگست اور 19 اگست کو تاجروں سے لاکھوں روپے لوٹے جانے کے دو الگ الگ واقعات رپورٹ ہوئے جن میں ایک تاجر سے 36 لاکھ روپے جب کہ دوسرے سے 40 لاکھ روپے چھین لیے گئے تھے۔ 
پشاور پولیس نے اس کیس میں ملوث ملزموں کی تلاش کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی جس نے  میرزاد نامی نوجوان کو گرفتار کر لیا۔
ملزم نے ابتدائی تفتیش میں ڈکیتی کی ان وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔ 
پولیس حکام کے مطابق ملزم سے لوٹی گئی 36 لاکھ روپے کی رقم اور اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے تاہم اس کے دو ساتھی مفرور ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔
گدھا گاڑی چلانے والا مزدور ڈاکو کیسے بنا؟ 
پولیس کے مطابق ملزم کا تعلق پشاور سے ہے جو اشرف روڈ پر پہلے گدھا گاڑی چلایا کرتا تھا۔ 
ایس پی گلبہار سرکل خالد خان نے اُردو نیوز کو بتایا کہ ’میرزاد انگریزی فلمیں دیکھا کرتا تھا جن سے وہ بہت متاثر ہوا اور وہ انہیں دیکھ کر ہی کروڑ پتی بننے کا خواب دیکھنے لگا تھا جسے تعبیر دینے کے لیے ملزم نے راہزنی اور ڈکیتی کی وارداتیں شروع کیں۔‘ 

پولیس کے مطابق ملزم کا تعلق پشاور سے ہے جو اشرف روڈ پر پہلے گدھا گاڑی چلایا کرتا تھا (فائل فوٹو: ویڈیو گریب)

ملزم نے دبئی اور عمان میں بھی وارداتیں کی
پشاور پولیس کے مطابق زیرِحراست مبینہ ڈاکو غیرقانونی طریقے سے ایران کے راستے بیرونِ ملک بھی گیا جہاں چوری اور ڈکیتی کی وارداتیں کر چکا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ ملزم کو دو سال قبل سے ڈی پورٹ کیا گیا تھا جس کے بعد اس نے پشاور میں وارداتیں کرنا شروع کیں۔

شیئر: