Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسرائیل کے غزہ میں تازہ حملے، کئی افراد شمال میں پھنس گئے: اقوام متحدہ

فلپ لازارینی نے بتایا کہ ’کم از کم چار لاکھ افراد علاقے میں پھنسے ہوئے ہیں‘ (فوٹو:اے ایف پی)
اسرائیلی فوج کے غزہ میں جبالیہ کیمپ پر منگل اور بدھ کی درمیانی شب کیے گئے حملوں میں کم از کم 18 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔  
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ’کیمپ پر دھاوے کا مقصد حماس کے عسکریت پسندوں کو جبالیہ سے مزید حملے کرنے اور انہیں دوبارہ منظّم ہونے سے روکنا ہے۔‘
اسرائیلی فوج نے جبالیہ اور قریبی علاقوں کے رہائشیوں کو بارہا انخلاء کے احکامات جاری کیے ہیں لیکن فلسطینی اور اقوام متحدہ کے حکام کا کہنا ہے کہ غزہ کی پٹی میں کوئی محفوظ جگہ نہیں ہے۔
فلسطینی سول ایمرجنسی سروس نے کہا کہ اسے غیر مصدقہ اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ جبالیہ اور شمالی غزہ کے دیگر علاقوں میں درجنوں فلسطینی مارے گئے ہیں لیکن وہ اسرائیلی بمباری کی وجہ سے ان تک پہنچنے سے قاصر ہیں۔
اقوام متحدہ کی فلسطینی پناہ گزین ایجنسی (یو این آر ڈبلیو اے) کے سربراہ فلپ لازارینی نے بدھ کو ایکس پر پوسٹ میں لکھا کہ ’کم از کم چار لاکھ افراد علاقے میں پھنسے ہوئے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اسرائیلی حکام کے انخلاء کے حالیہ احکامات لوگوں کو خاص طور پر جبالیہ کیمپ سے چلے جانے پر مجبور کر رہے ہیں۔ بہت سے لوگ انکار کر رہے ہیں کیونکہ وہ اچھی طرح جانتے ہیں کہ غزہ میں کہیں بھی کوئی جگہ محفوظ نہیں ہے۔‘
فلپ لازارینی نے کہا کہ جنگ شروع ہونے کے بعد پہلی بار یو این آر ڈبلیو اے کی کچھ پناہ گاہوں اور سروسز کو بند کرنے پر زور دیا جا رہا ہے۔ شمالی غزہ میں ایک بار پھر بھوک پھیل رہی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’حالیہ فوجی آپریشن سے بچوں کے لیے پولیو ویکسینیشن مہم کے دوسرے مرحلے کو بھی خطرہ ہے۔‘
اسرائیل نے یو این آر ڈبلیو اے کے سربراہ کے بیان پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ اسرائیلی حکام نے پہلے کہا تھا کہ وہ مشکل حالات کے باوجود غزہ تک خوراک کی ترسیل میں سہولت فراہم کرتے ہیں۔
اسرائیل کی فوج کا کہنا ہے کہ حماس کے عسکریت پسند سکول اور ہسپتال سمیت رہائشی علاقوں کو پناہ کے طور پر استعمال کرتے ہیں جبکہ حماس اس کی تردید کرتی ہے۔
طبی ماہرین نے بتایا کہ غزہ شہر کے مضافاتی علاقے شجاعیہ میں ایک گھر پر رات گئے اسرائیلی حملے میں ایک ہی خاندان کے 9 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ دیگر افراد غزہ کی پٹی کے وسطی علاقوں میں مارے گئے۔

شیئر: