تقاریب میں عالمی چیمپئن شپ ایونٹس، نمائشیں اور شاندار پروگرام رکھےگئے ہیں۔ فوٹو عرب نیوز
ریاض سیزن 2024 کا گذشتہ رات سنیچر کو کنگڈم ایرینا میں شاندار آغاز ہوا جس میں باکسنگ، ہپ ہاپ بسٹا رائمز، مسی ایلیٹ اور سیارا کی میوزیکل پرفارمنس شامل تھی۔
عرب نیوز کے مطابق جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین ترکی الشیخ نے ریاض سیزن کی غیر متزلزل حمایت پر شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا۔
افتتاحی تقریب کے موقع پر چیئرمین ترکی الشیخ نے آئی وی کراؤن شو ڈاؤن فائٹ پروگرام میں شامل حاضرین میں سے ایک کو مرسڈیز بینز جی-کلاس گاڑی کے لیے منتخب کیا اور مبارکباد دی۔
تقریب میں شامل جنوبی افریقہ کے جوزف میخویل نے بتایا کہ وہ ہر سال ریاض سیزن سے شرکت کرتے ہیں۔
جوزف نے بتایا ’ریاض سیزن کے پروگرام بہترین ہیں، میں ہر سال اس کا انتظار کرتا ہوں اور میں نے یہاں کے پروگرام سے ہمیشہ لطف اٹھایا ہے۔
جنوبی افریقہ میں ہونے والے ایک کنسرٹ میں شرکت کے تین ہفتے بعد ریاض سیزن میں بسٹا رائمز کی پرفارمنس دیکھنے پر خوشی کا اظہار کیا۔
افتتاحی پروگرام میں شریک سعودی شہری طائف ابراہیم البیحی نے کہا کہ ہم میوزیکل پرفارمنس سے لطف اندوز ہونے کے لیے اس شاندار تقریب میں شریک ہوئے ہیں۔
طائف ابراہیم نے بتایا ’ میری زندگی میں موسیقی خاص مقام رکھتی ہے میں یہاں اپنی والدہ کے ساتھ موجود ہوں، ہم موسیقی کی تقاریب میں اکثر شرکت کرتے ہیں۔
جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین نے ابتدائی روز روس نژاد کینڈین باکسر آرٹور بیٹربیف کو غیر متنازعہ ورلڈ لائٹ ہیوی ویٹ چیمپئن کا تاج بھی پہنایا۔
آرٹور بیٹربیف جو پہلے ہی IBF، WBC اور WBO ٹائٹلز ونر ہیں انہوں نے کراؤن شو ڈاؤن میں روسی باکسر دمتری بائیول کو شکست دے کر ورلڈ باکسنگ ایسوسی ایشن کا ٹائٹل بھی جیت لیا۔
ریاض سیزن 2024 کے شاندار افتتاح کے موقع پر دلکش پرفارمنس کے علاوہ دلفریب آتش بازی اور خوبصورت ڈرون شو پیش کیا گیا۔
تقریب کا مخصوص لوگو شہر کے سب سے بڑے اور مقبول ترین مقامات میں سے ایک بلیوارڈ ورلڈ پر روشن کیا گیا۔
ریاض سیزن 2024 کی تقاریب میں 14 تفریحی زونز، 11 عالمی چیمپئن شپ ایونٹس اور مختلف قسم کی 10نمائشیں اور تہوار شامل کئے گئے ہیں۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں