Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض سیزن: ونٹر ونڈر لینڈ میں ونٹر ڈریس کوڈ

موسم سرما کے ملبوسات پہن کر اس پیشکش سے لطف اندوز ہونے آئے ہیں۔ فوٹو عرب نیوز
ریاض سیزن کے ونٹر ونڈر لینڈ زون میں ونٹر ڈریس کوڈ کے تحت  آنے والے ایسے زائرین کو  جو موسم کی مناسبت سے لباس پہنے ہوئے تھے انہیں مفت داخلہ دیا گیا۔
عرب نیوز کے مطابق زون میں موسم سرما کے ملبوسات کا دن 'خالجین الشتا' سرمائی ملبوسات کے دن کے ساتھ زائرین کے لیے جاذب نظر لباس پہن کر سرد موسم سے لطف اندوز ہونے کا ایک خاص موقع تھا۔

ریاض کے مقامی باشندے اور مقیم غیر ملکی اس خاص دن کے لیے زون میں آنے کے لیے اپنی الماریوں میں جو بھی گرم ملبوسات تھے پہن کر یہاں پہنچ گئے۔
خالجین کا مطلب سردی کی وجہ سے گرم کپڑے کا بے مثال لباس پہننا ہے اور اکثر موسم سرما میں ریاض میں رہنے والے ایسے ملبوسات میں نظر آتے ہیں۔
ریاض سیزن کے اس زون میں آنے والی دیما الشحیل نے بتایا کہ میں یہاں آ کر بے حد خوشی محسوس کر رہی ہوں کیونکہ میں جدہ سے آئی ہوں جہاں سرد موسم بہت کم  ہی ملتا ہے۔

موسم سرما کے بہترین ملبوسات کے ساتھ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ یہاں موجود  مقامی شہری فادی الصلاخ نے بتایا کہ ہم یہاں خصوصی طور پر اس پیشکش سے لطف اندوز ہونے کے لیے آئے ہیں۔
فادی الصلاخ نے بتایا کہ میں اس ونٹرونڈر لینڈ میں ہر سال آتا ہوں اور میرے بچے اس زون کو بے حد پسند کرتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ مجھے موسم سرما بہت پسند ہے اور میرے ساتھ میری اہلیہ اور ان کی والدہ بھی ہیں جو گرم لباس کے ساتھ دستانے بھی پہنے ہوئے ہیں۔

یہاں آئے ہوئے دو دوستوں یاسر عبدالعزیز اور ترکی محمد نے ہر وہ چیز پہن رکھی تھی جو انہیں اپنی الماری میں دستیاب تھی انہوں نےاپنی جانب بڑھنے والی سردی کی لہر کو سکارف اور رنگین اور گرم ملبوسات سے روک رکھا تھا۔
یاسرعبدالعزیز نے بتایا کہ میں نے اس دلچسپ پیشکش کو ٹویٹر پر پڑھا تھا اور اپنے دوست  ترکی محمد سے کہا کہ چلو اس تقریب میں چلتے ہیں اور ہم نے ہر وہ گرم لباس نکالا جو ہم ڈھونڈ سکتے تھے۔
ترکی محمد نے بتایا کہ میں نے یہاں آنے کے لیے کولمبیا کے برانڈ کی جیکٹ  اور مقامی برانڈ کی گرم پتلون نکالی اور ساتھ میں سکارف لے لیا۔

یہاں موجود خواتین میں امانی سلیمان اور ان کی بہنیں موسم سرما کے خوبصورت  اور متاثر کن ملبوسات زیب تن کئے ہوئے تھیں۔
امانی سلیمان نے بتایا کہ میں نے اس پیشکش کا پوسٹر دیکھا تو ایک دن میں یہاں پہنچنے کی منصوبہ بندی کر لی، میرا لباس ہیری پوٹرسے متاثر ہو کر لیا تھا۔
زین محمد اپنی بہنوں کے ہمراہ اس زون میں موجود تھے ، ان کا کہنا تھا کہ میں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے اس کے بارے میں جانا ، ہم سب بے انتہا خوش ہیں کہ یہ پہلا موقع ہے کہ ہم ونٹر ونڈر لینڈ میں آئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ہمیں یہاں آنے کے لیے کیا پہننا ہے اور کیا اچھا لگے گا اس کا فیصلہ کرنے میں تقریبا دو گھنٹے کا وقت لگ گیا۔
واضح رہے کہ ریاض سیزن کے تحت اس زون میں 80 سے زیادہ مختلف قسم کے کھیل اور دیگر سرگرمیاں زائرین کے لیے موجود ہیں۔
ونٹر ونڈر لینڈ میں بہت سے ریستوراں اور کیفے ہیں جس میں سب سے خاص اور نمایاں ونٹر ونڈر لینڈ کیفے ہے جہاں پر گرم چاکلیٹ اپنی مثال آپ ہے جو کہ سرد راتوں کے لیے مثالی مشروب ہے۔
ریاض سیزن کے 15 مختلف تفریحی زونز میں سے ایک ونٹر ونڈر لینڈ میں سنو فارسٹ، برف سے بنے ماڈل، ڈراؤنا گھر اور آئس سکیٹنگ کا خاص علاقہ شامل ہیں۔
 
فوٹوز: بشکریہ عرب نیوز
  • خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: