سعودی شہریوں کو شادی کے لیے اب 72 ہزار ریال تک قرضہ ملے گا
رقم کی ادائیگی چار برس کی آسان اقساط میں کی جاسکتی ہے۔ (فوٹو: اخبار24)
مملکت میں سماجی ترقیاتی بنک نے سعودی شہریوں کےلیے قرضے کی رقم کو بڑھا کر 72 ہزار ریال تک کردیا ہے۔
رقم کی ادائیگی چار برس کی آسان اقساط میں کی جاسکتی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق شادی قرض کے حوالے سے سماجی ترقیاتی بنک نے بتایا بیمہ پالیسی کی شرائط کے مطابق انتقال کی صورت میں لیا گیا قرض معاف ہو جائے گا۔
قرض کی دیگر شرائط کے مطابق درخواست دہندہ کی عمر 18 برس سے کم اور 70 سے زیادہ نہ ہو جبکہ ماہانہ آمدنی 14500 ریال سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے۔
یہ بھی بتایا گیا کہ قرض پہلی شادی پر ہی دیا جائے گا، بیوی کے فوت ہونے کی صورت میں دوسری شادی کےلیے بھی قرض لیا جاسکتا ہے۔
قرض کے لیے دی گئی درخواست کے ساتھ نکاح نامہ کی تصدیق عدالت سے کرائی جائے۔ شادی کو دو برس سے زیادہ وقت گزرنے کی صورت میں مالی مدد لینے کا اہل نہیں ہوگا۔