Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایشیائی خاتون نے شادی کا جھانسہ دے کر عرب شہری سے فلیٹ اپنے نام کرالیا

دبئی کورٹ نے خاتون کو 8 لاکھ درھم واپس کرنے کا حکم دیا ہے۔( فوٹو: امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات میں دبئی کی عدالت نے ایشیائی خاتون کو عرب ملک سے تعلق رکھنے والے غیرملکی سے دھوکہ دے کر ہتھیائے گئے 8 لاکھ درھم واپس کرنے کا حکم دیا ہے۔
خاتون نے عرب ملک کے ایک باشندے کو شادی کا جھانسہ دیا اور اسے لگژری فلیٹ اس کے نام کرنے پر قائل کیا جس کی مالیت 8 لاکھ درھم تھی۔
امارات الیوم کے مطابق دبئی کی فوجداری عدالت میں ایک عرب شخص نے ایشیائی خاتون کے خلاف مقدمہ دائر کیا جس میں دعوی کیا گیا تھا کہ ’خاتون نے شادی کا وعدہ اس شرط پر کیا کہ اگر وہ فلیٹ اس کے نام سے خریدے‘۔
عرب شہری کا کہنا تھا’ ایشیائی خاتون سے اس کے ملک میں ملاقات ہوئی تھی، ہم دونوں ایک ہی کمپنی میں کام کرتے تھے۔ اس دوران دوستی ہوگئ اور شادی کرنے کا ارادہ کیا۔ خاتون نے فلیٹ اس کے نام سے خریدنے کا کہا تاکہ وہ بھی دبئی میں مستقل طورپر قیام کرسکے‘۔
عرب شہری کا کہنا تھا’ تمام معاملات بہترین انداز میں چل رہے تھے میں نے نیک نیتی کی بنیاد پر فلیٹ خریدا اور اس کے نام کردیا‘۔
فلیٹ نام کروانے کے کچھ  دنوں بعد ایشیائی خاتون کا رویہ تبدیل ہونا شروع ہوگیا۔ جب بھی  شادی کی بات کرتا تو وہ ٹال جاتی پھر اس نے میرے فون کا جواب دینا بھی چھوڑ دیا۔
عدالت نے تمام شواہد کی روشنی میں ایشیائی خاتون کے خلاف حکم صادر کرتے ہوئے اسے اس بات کا پابند کیا کہ وہ فلیٹ کی قیمت جو کہ 8 لاکھ درھم ہے ادا کرے۔
علاوہ ازیں حکم صادر ہونے سے مکمل ادائیگی تک 5 فیصد سود بھی ادا کیا جائے۔

شیئر: