Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اردن کے قدیم شہر پیٹرا میں ’انتہائی قیمتی‘ خفیہ مقبرے کا انکشاف

ماہرین آثار قدیمہ کا خیال ہے دریافت کی تاریخ پہلی صدی قبل مسیح ہے۔ فائل فوٹو اے ایف پی
ماہرین آثار قدیمہ نے اردن کے تاریخی شہر پیٹرا میں دو ہزار سال پرانی زیرِزمین جگہ دریافت کی ہے جہاں ایک پوشیدہ مقبرے سے انسانی باقیات اور سینکڑوں نمونے ملے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق ٹائمز میں شائع ہونے والی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے محققین کو اس دریافت سے قدیم شہر کی ابتدا اور اسے تعمیر کرنے والوں کے بارے میں طویل عرصے سے جاری سوالات کو حل کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
پیٹرا کے مقام پر تحقیق کی غرض سے کی جانے والی کھدائی کے نتیجے میں وہاں ایک مقبرے میں اچھی طرح سے محفوظ شدہ 12 ڈھانچے اور سیکڑوں کانسی، لوہے اور سیرامک ​​کے نمونے موجود تھے۔
آثار قدیمہ دریافت کرنے والی امریکہ اور اردن کی مشترکہ ٹیم نے معروف عمارت کے نیچے کھدائی کی ہے، یہ وہ مقامات ہیں جہاں ’انڈیانا جونز اینڈ دی لاسٹ کروسیڈ‘ سمیت کئی فلموں کی شوٹنگ کی گئی ہے۔
یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثہ کی تحقیقی ٹیم کے خیال کے مطابق اس مقبرے کے اندر کے مرکزی مقام کو قدیم زمانے کی ممتاز سماجی حیثیت کے باشندوں نے بنایا تھا۔

مقبرے میں محفوظ شدہ ڈھانچے اور کانسی و سیرامک ​​کے نمونے موجود تھے۔ فوٹو: گیٹی امیجز

امریکن سینٹر آف ریسرچ کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر اور ماہر آثار قدیمہ ڈاکٹر پیئرس پال کرسمین نے بتایا ہے یہاں کھدائی جاری رکھنے سے مزید سینکڑوں نادر اشیا برآمد ہونے کی توقع ہے۔
پیٹرا کے اس علاقے کا نام ایک ابتدائی نظریے کے تحت رکھا گیا تھا کہ اس میں ایک فرعون کا خزانہ تھا لیکن زیادہ تر محققین کا خیال ہے کہ یہ ایک مقبرہ تھا جسے نبطی دور کے حکمران آریٹاس چہارم نے بنوایا تھا جس نے تقریباً 9 قبل مسیح سے40 عیسوی تک اس علاقے میں حکومت کی۔

آثار قدیمہ ماہرین نے خاص ریڈار سے مقبرے کی دریافت کی ہے۔ فوٹو: گیٹی امیجز

آثار قدیمہ کے ماہرین نے خاص ریڈار کی مدد سے اس مقبرے کی دریافت کی ہے۔
گذشتہ کئی برسوں سے پیٹرا کے قدیم علاقے میں بہت سے دوسرے مقبرے دریافت ہوئے ہیں جو زیادہ تر خالی پائے گئے تھے اور گذشتہ صدیوں میں متعدد بار استعمال ہوتے رہے ہیں۔
ڈاکٹر پال کرسمین نے کہا کہ پیٹرا میں انسانی باقیات کے ساتھ مقبرہ ملنا نایاب ہے لہذا جب ایسی دریافت سے کچھ حاصل ہوتا ہے تو وہ انتہائی قیمتی اور نایاب ہوتا ہے۔

شیئر: