برازیل میں جی 20 سربراہ اجلاس کے موقع پر خصوصی نمائش کا آغاز ہو گا۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی میوزیم کمیشن نے مملکت کے فن پاروں کو عالمی سطح پر فروغ دینے کے لیے تاریخی آرٹ نمائش کے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق آرٹ نمائش متعدد ممالک کا دورہ کرے گی اور بین الاقوامی کمیونٹیز کے سامنے متحرک آرٹ متعارف کرانے کے لیے مملکت کے نمایاں فنکاروں کی کوششوں کو اجاگر کرے گی۔
آئندہ ماہ نومبر میں برازیل میں ہونے والے جی 20 سربراہی اجلاس کے موقع پر اس خصوصی نمائش کا آغاز کیا جائے گا۔
سعودی آرٹ کو دنیا کے اہم ترین بین الاقوامی پروگراموں میں سے ایک کے دوران سب سے پہلے برازیل میں عالمی سطح پر پیش کیا جائے گا۔
برازیل میں افتتاح کے بعد سعودی یہ نمائش ریاض واپس آئے گی جہاں 2025 کے اوائل میں جاکس ڈسٹرکٹ میں واقع سعودی میوزیم کمیشن کے زیر تحت اس کی میزبانی کی جائے گی۔
سعودی آرٹ پر مشتمل نمائش اس کے بعد بیجنگ جائے گی جہاں 2025 کے آخر تک چین کے نیشنل میوزیم میں حاضرین کے لیے پیش کی جائے گی۔
برازیل میں نمائش کے افتتاحی پروگرام میں تقریباً 15 سعودی فنکاروں کے فن پارے رکھے جائیں گے جو تاریخی اعتبار سے مختلف ادوار اور نسلوں کی نمائندگی کریں گے۔
سعودی آرٹسٹ اپنے تیار کئے گئے تغروں کے علاوہ مختلف ماڈلز، آئل پینٹنگز اور جاذب نظر تخلیقی ڈرائنگز بنائیں گے جو سعودی عرب کے عصری آرٹ کے منظر کی بھرپوری اور مستحکم عکاسی کرتی ہے۔
سعودی میوزیم کمیشن کا مقصد نمائش کے انعقاد کے ذریعے قومی فنکاروں کو ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو ظاہر کرنے کے لیے انٹرنیشنل پلیٹ فارم مہیا کر کے انہیں بااختیار بنانا ہے۔
یہ اقدام مملکت کی ثقافت اور کلچر کو عالمی سطح پر بلند کرنے اور عالمی فنون اور ثقافت کے میدان میں بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کو اجاگر کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں