تبوک میں عرب دنیا کے 30 فنکاروں کی تجریدی آرٹ کی نمائش
تبوک میں عرب دنیا کے 30 فنکاروں کی تجریدی آرٹ کی نمائش
اتوار 3 مارچ 2024 17:19
بین الثقافتی تبادلے کو فروغ دینے پرنمائش کوعوامی پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔ فوٹو عرب نیوز
تبوک میں کلرز آف آرٹ کلب کے زیراہتمام عرب دنیا کے 30 فنکاروں کی تخلیقی کوششوں کو بین الاقوامی فورم برائے بصری فنون کے تحت ایک جگہ اکٹھا کیا گیا۔
عرب نیوز کے مطابق اس دو روزہ ایونٹ میں حقیقت پسندی سے لے کر تجرید اور عصری اظہار پسندی تک کے مختلف اقسام کے 100 سے زائد فن پاروں کی نمائش کی گئی۔
اس ایونٹ نے کویت، سعودی عرب، فلسطین، عراق، عمان اور متحدہ عرب امارات کے شرکاء کو اپنی جانب متوجہ کیا۔
منتظمین کے مطابق ایونٹ میں عرب فنکاروں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے علاوہ تبوک میں بین الاقوامی شرکاء اور مقامی فنکاروں کے درمیان خیالات اور مہارتوں کے تبادلے کو فروغ دیا گیا۔
فورم میں شامل مختلف ورکشاپس اور مباحثوں کا مقصد جی سی سی اور عرب خطے میں فنون لطیفہ کی شناخت کو وسعت دینا ہے۔
اس تقریب کے ذریعے تبوک میں بصری فنون کے لیے بین الثقافتی تبادلے کو فروغ دینے پرعوامی پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ نمائش خطے میں ابھرتے ہوئے فنکارانہ منظر نامے کا ثبوت ہے جو بصری فنون کے دائرے میں بڑھتی ہوئی ثقافتی تحریک کی عکاسی کرتی ہے۔
دریں اثناء ایس پی اے کے مطابق تقریب میں حصہ لینے والے عمان کے معروف آرٹسٹ جمال الجساسی نے عرب دنیا میں ثقافتی تعلقات کو پروان چڑھاتے ہوئے بصری فنون کو فروغ دینے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں