Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض سیزن 2024: ایک ہفتے میں 20 لاکھ سیاحوں کا نیا ریکارڈ

اس ہفتے السویدی پارک انڈین تقریبات کی میزبانی کررہا ہے۔ (فوٹو عاجل)
سعودی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی (جی ای اے) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین ترکی بن عبدالمحسن آل الشیخ نے اتوار کو اعلان کیا ہے کہ ’ریاض سیزن 2024 نے اپنے آغاز کے ایک ہفتے کے اندر 20 لاکھ وزیٹرز کا ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے جو اس سیزن کی کامیابی کا عکاس ہے‘۔
عاجل نیوز کے  مطابق ریاض سیزن کے پانچ حصے ہیں جہاں اس کے پروگرام ہوتے ہیں۔ جن میں بولیوارڈ ورلڈ، کنگڈم ایرینا، بولیوارڈ سٹی، دی وینیو اور السویدی پارک شامل ہیں۔
اس سال بولیوارڈ ورلڈ میں وزیٹرز کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باعث 30 فیصد توسیع کی گئی ہے۔ نئے ایونٹس اور علاقوں کا اضافہ کیا گیا ہے۔
 پانچ نئے ایریاز کا اضافہ ہوا ہے جن میں (سعودی عرب، ترکیہ، ایران، افریقہ اور کورشوفیل) ہیں جہاں متعدد ممالک کے 22علاقوں کے 300 ریستوران اور کیفے اور 890 سے زائد شاپس ہیں۔
جہاں تک کنگڈم ایرینا کا تعلق ہے تو یہاں ایک تاریخی فائٹ کا انعقاد کیا جاچکا جس میں آرتور بیٹریف کو لائٹ ہیوی ویٹ کیٹگری میں غیر متنازعہ چیمپیئن کے طور پر سامنے آئے۔ یہ مقابلہ عالمی باکسنگ میں ایک سنگ میل بن گیا۔
اسی طرح  دی وینیو میں سیزن کے پہلے ایونٹ کا آغاز دنیا کے مہنگے ترین  ٹینس ٹورنامنٹ ’سکس کنگز سلام‘ ٹورنامنٹ سے ہوا۔ اس میں دنیا کے چھ ٹاپ سٹارز ٹینس کھلاڑی کارلوس الکاراز، یانک سینر، رافیل نڈال، ڈینیئل میدودیف اور ہولگررون نے شرکت کی۔
اس ہفتے السویدی پارک انڈین تقریبات کی میزبانی کررہا ہے جو منگل تک جاری رہیں گی جس میں لوک پرفارمنس، روایتی پکوان اور آرٹ کنسرٹس شامل ہیں۔
بولیوارڈ سٹی نئے تفریحی پروگرام جیسے پب جی موبائل گیم، کونان تجربے کے ساتھ مختلف قسم کے ریستورانوں اور اسی طرح کی دیگر تفریحی سرگرمیوں کے ذریعے وزیٹرز کو اپنی جانب راغب کرنے میں کامیاب رہا۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: