Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹی20 کرکٹ میں نیا عالمی ریکارڈ، زمبابوے نے گیمبیا کے خلاف 344 رنز بنا ڈالے

زمبابوے نے گیمبیا کے خلاف چار وکٹوں کے نقصان پر 344 رنز بنائے (فوٹو: آئی سی سی)
زمبابوے کی ٹیم نے ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ میں تاریخ کا سب سے بڑا سکور کر کے نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا ہے۔
ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ سب ریجنل افریقہ کوالیفائر میں گروپ بی کے میچ میں زمبابوے نے گیمبیا کے خلاف چار وکٹوں کے نقصان پر 344 رنز کا پہاڑ کھڑا کر کے نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا ہے۔
اس سے قبل ٹی20 کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا عالمی ریکارڈ نیپال کے پاس تھا۔
نیپال نے 2023 میں منگولیا کے خلاف 3 وکٹوں کے نقصان پر 314 رنز بنائے تھے جو اس سے قبل ٹی20 کی تاریخ کے سب سے زیادہ رنز تھے۔
اس میچ میں زمبابوے کے سکندر رضا نے بھی غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 133 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

سکندر رضا نے مجموعی طور پر صرف 43 گیندوں کا سامنا کیا انہوں نے 33 پر اپنی سینچری مکمل کی۔ سکندر رضا کی جارحانہ اننگز میں 15 چھکے اور ایک چوکا شامل تھا۔
زمبابوے کی جانب سے بنائے گئے اس ریکارڈ میں 27 چھکے اور 30 چوکے شامل ہیں۔ مجموعی رنز میں سے 282 رنز صرف باؤنڈریز کے ذریعے بنائے گئے۔
یہاں دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹی20 میں سب سے زیادہ سکور کرنے والی ٹیموں میں دو ایسی ٹاپ ٹیمیں شامل ہیں جو ٹیسٹ کرکٹ نہیں کھیلتیں۔
ٹیسٹ میچز کھیلنے والی ٹیموں میں سے انڈیا وہ واحد ملک ہے جس کی ٹی20 ٹیم نے اس فارمیٹ میں تاریخ کا تیسرا بڑا سکور بنا رکھا ہے۔
انڈیا نے رواں برس ہی بنگلہ دیش کے خلاف 6 وکٹوں کے نقصان پر 297 رنز بنائے تھے۔

شیئر: