Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’انہیں سلیقہ سکھاؤ‘، پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ کی گراؤنڈ سے کچرا اٹھانے کی ویڈیو وائرل

جیسن گلیسپی پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ہیں (فائل فوٹو: پی سی بی، اے ایف پی)
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ مچز پر مشتمل سیریز کا آخری میچ جمعرات سے پنڈی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، آخری ٹیسٹ میچ سے قبل دونوں ٹیموں کے پریکٹس سیشنز جاری ہیں۔
بنگلہ دیش کے خلاف حالیہ ٹیسٹ سیریز میں شکست کے بعد پاکستانی ٹیم اس کوشش میں ہے کہ انگلینڈ کے خلاف اس سیریز میں بہتر کارگردگی دکھائی جائے۔
اس سلسلے میں پاکستان ٹیم کے کوچ کوشاں نظر آتے ہیں، تاہم اس مرتبہ جیسن گلسپی کسی اور وجہ سے سرخیوں میں ہیں۔
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جیسن گلسپی ٹیم کے ٹریننگ سیشن کے بعد میدان سے بظاہر کھلاڑیوں کی جانب سے پھینکی گئی پانی کی  خالی بوتلیں اور دوسرا کوڑا کرکٹ اُٹھا رہے ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ گراؤنڈ کے اطراف میں پڑی بوتلیں اٹھا کر کوڑے دان میں پھینک رہے ہیں۔
ویڈیو میں یہ بھی دیکھا جا سکتا ہے کہ پریکٹس نیٹ کے آس پاس خالی بوتلیں پڑی ہوئی ہیں جو بظاہر کھلاڑیوں کی جانب سے پھینکی گئی تھیں۔
جیسن گلسپی نے گراؤنڈ اور نیٹ کے اطراف میں پھیلا پڑا سارا کچرا اکٹھا کیا اور اسے کوڑے دان میں ڈال دیا۔
پاکستان کوچ کا یہ اقدام سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے اور سوشل میڈیا صارفین کوچ کے اس اقدام کی ستائش کرتے ہوئے دلچسپ تبصرے بھی کر رہے ہیں۔
سماجی رابطوں کی معروف ویب سائٹ ایکس پر اس ویڈیو پر ردعمل دیتے ہوئے امال نامی صارف نے لکھا ’یہ صرف عاجزی نہیں ہے بلکہ یہ وہ عمل جو ہم سب کو اپنانا چاہیے۔‘
ایک اور صارف نے پیٹر نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’حقیقی قائد۔‘
ایس ایم چشتی نامی ایک اور صارف نے تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ ’کھلاڑیوں کو کوئی سلیقہ سکھاؤ۔‘
رسک جیمز نامی صارف نے لکھا کہ ’اس ویڈیو سے یہ حقیقت ظاہر ہوتی ہے کہ کھلاڑیوں کی اتنی سی تربیت بھی نہیں کی گئی کہ انہیں علم ہو کہ اپنا پھیلایا ہوا گند خود صاف کیا جاتا ہے۔‘

شیئر: