’ٹیسٹ کے چھٹے دن کی تیاری‘ انگلینڈ کرکٹ کی ملتان پچ پر طنزیہ پوسٹ
منگل 15 اکتوبر 2024 11:02
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ملتان میں ہونے والا دوسرا ٹیسٹ پرانی استعمال شدہ پچ پر کھیلا جا رہا ہے (فوٹو: انگلینڈ کرکٹ، ایکس)
پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ سے قبل انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے ملتان کرکٹ سٹیڈیم کی پچ پر طنزیہ پوسٹ کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر انگلینڈ کرکٹ کے آفیشل اکاؤنٹ سے میچ سے قبل ملتان کرکٹ سٹیڈیم کی ویڈیو شیئر کی گئی۔
انگلینڈ کرکٹ کے ایکس اکاؤنٹ سے شیئر کی جانے والی ویڈیو پر عنوان دیا گیا ’چھٹے دن کے لیے تیاری‘ اور ’چھٹے دن‘ کو حذف کر کے ’ڈے 1‘ لکھا گیا۔
واضح رہے ملتان میں ہونے والے پاکستان اور انگلینڈ کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پرانی پچ کا استعمال کیا جا رہا ہے۔
میچ سے دو روز قبل ای ایس پی این کرک انفو نے رپورٹ کیا تھا کہ پاکستان دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے اسی پچ کا استعمال کرے گا جو پہلے میچ میں استعمال ہوئی تھی۔
پہلے ٹیسٹ کے بعد گراؤنڈ سٹاف نے پچ پر پانی کا چھڑکاؤ کیا تھا جس کو بعد سُکھانے کے لیے پچ کے دونوں اطراف میں انڈسٹری سائز کے پنکھے لگائے گئے تھے۔
پاکستان کے کوچ جیسن گلیسپی اور کپتان شان مسعود نے اتوار کی صبح پچ کا جائزہ بھی لیا تھا۔ اس سے قبل گلیسپی کی پی سی بی کے آسٹریلوی ہیڈ کیوریٹر ٹونی ہیمنگ کے ساتھ طویل گفتگو ہوئی۔
پہلے ٹیسٹ سے پچ پر نمودار ہونے والے بولرز کے پاؤں کے نشان خاصے خشک لگ رہے تھے جنہیں بعد ازاں پنکھوں اور دھوپ کی مدد سے مزید خُشک کیا گیا۔
پاکستان کی جانب سے پچ کو دوبارہ استعمال کرنے کا یہ اقدام غیرمعمولی کہا جا رہا تھا، لیکن آئی سی سی کے پچ ضوابط میں صرف ’بہترین پچ اور آؤٹ فیلڈ حالات‘ کی ضرورت ہوتی ہے جس میں ایسی کوئی شرط نہیں ہے کہ پچ کی سطح تازہ یا غیر استعمال شدہ ہو۔