Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جازان کے ’عربی جیسمین‘ کی خوشبو جو ہر جگہ مہک رہی ہے

جازان میں جیسمین کے ایک ہزار سے زیادہ فارم ہیں۔ (فوٹو ایس پی اے)
جازان کا علاقہ ’عربی جیسمین‘ (چمبیلی) کے لیے مشہور ہے جو ثقافتی اہمیت کے ساتھ  ایک خوشبودار پھول اور خوشی کی علامت کے معنوں میں بھی لیا جاتا ہے۔ جیسمین کا مقامی شاعری، لوک گیتوں اور داستانوں میں بھی نمایاں ذکر رہتا ہے۔
سرکاری خبررساں ادارے ’ایس پی اے’ کے مطابق جازان میں جیسمین کے ایک ہزار سے زیادہ فارم ہیں جہاں 5 لاکھ جیسمین کے درخت ہر سال تقریبا 600 ٹن پھول پیدا کرتے ہیں۔ جازان میں جیسمین کے پودے عام طور پر گھروں کی سجاوٹ کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔ یہ روایت نسلوں سے چلی آرہی ہے۔ جازان میں بہت سی خواتین جیسمین کو اپنے باغات میں لگاتی ہیں۔

کاشتکاروں کی مدد کے لیے ایسوسی ایشن 2022 میں بنائی گئی۔ (فوٹو ایس پی اے)

جازان کے کاشتکار جیسمین کی کاشت کرتے ہیں جس کی شروعات موسم بہار میں ہوتی ہے۔ جیسمین کی بیلیں 3 میٹر تک لمبی ہوسکتی ہیں۔ جس میں سدا بہار پتے اور خوشبودار سفید پھول ہوتے ہیں۔
جیسمین کی مختلف اقسام ہیں۔ ہر ایک کی منفرد خصوصیات ہوتی ہیں کچھ اپنی بڑی کلیوں اور مخصوص رنگوں کے  حوالے سے جانی جاتی ہیں جبکہ دیگر میں سفید کلیاں اور بہترین خوشبو ہوتی ہے۔
جیسمین کی کاشت اور دیگر خوشبودار پودوں کی پیداوار بڑھانے، زرعی سیاحت کو فروغ دینے، مقامی نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور علاقے کو اعلٰی معیار کی خوشبو مصنوعات کا مرکز بنانے کے حوالے سے کئی اہم اقدامات کیے گئے ہیں۔
جیسمین اینڈ ایرومیٹک پلانٹس ایسوسی ایشن کسانوں کی مدد کے لیے 2022 میں قائم کی گئی تھی۔ اس کے مقاصد میں مصنوعات تیار کرنے، کاشتکاروں کے چیلنجوں سے نمٹنے، وسائل فراہم کرنے اور فیسٹیول کے انعقاد میں مدد کرنا ہے۔

علاقے کی سازگار آب وہوا جیسمین کے لیے مثالی ہے۔ (فوٹو ایس پی اے)

سعودی وزارت ماحولیات، پانی اور زراعت نے جازان میں جیسمین کیت کاشت میں گہری دلچسپی ظاہرکی ہے۔ اس کا مقصد اس صنعت کو روایتی کاشت کاری اور مارکیٹنگ سے مینوفیکچرنگ اور برآمدات کی جانب منتقل کرنا ہے۔ علاقے کی زرخیز مٹی اور سازگار آب و ہوا جیسمین کی پیداوار کے لیے مثالی ہے۔
جیسمین اور خوشبودار پودوں کے منافع بخش کاروبار کے باعث علاقے کے بہت سے نوجوانوں کو مقامی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی ملکی مصنوعات کو فروغ دینے کے لیے آن لائن پلیٹ فارم اور مارکیٹیں بنانے کی ترغیب دی گئی۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: